پریذیڈنٹ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کل شروع ہوگا، 12 ٹیمیں حصہ لیں گی

January 16, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل بینک پریذیڈنٹ کپ فٹبال ٹورنامنٹ منگل سے بے نظیر بھٹو اسپورٹس کمپلکس کے پی ٹی پر شروع ہوگا۔ اس بات کا اعلان نیشنل بنک اسپورٹس ڈویژن کے سربراہ اویس اسد خان نے کراچی پریس کلب میں ٹورنامنٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر غلام محمد خان، انور فاروقی، قمر علی قریشی، عبدالرحیم بلوچ اور عظمت اللہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اویس اسد خان نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ملک کی بارہ ٹاپ ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں نیشنل بینک، کے پی ٹی، پی آئی اے ، کے الیکٹرک، ایس ایس جی سی، کراچی یونائیٹڈ، پاکستان اسٹیل، واپڈا، کے آر ایل، پاکستان نیوی، ایس این جی پی ایل اور پاکستان پولیس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں تین تین ٹیموں کے چار گروپ تشکیل دیے گئے ہیں جو لیگ کی بنیاد پر ٹورنامنٹ میں حصہ لیگے اور اس میں سے دو دوٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنلز کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل اور تیسری پوزیشن کا میچ29 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ اویس اسد خان نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا افتتاح نیشنل بینک کے صدر اقبال اشرف کریں گے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ روپے اور ٹرافی جبکہ رنرزا پ کو پچاس ہزار روپے اور ٹرافی دی جائے گی۔ تین بہترین کھلاڑیوں کو دس دس ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے میچ کمشنر اقبال جونیئر اور احمدعلی واسطی ہوں گے جبکہ ریفریز سندھ ریفریز ایسوسی ایشن کے نامزد کردہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا روزانہ دو میچز ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 17 جنوری کو 3:00 بجے دن ہوگی جبکہ ٹورنامنٹ کے ڈراز اور مینجرز میٹنگ پیر16 جنوری کو صبح گیارہ بجے نیشنل بینک اسپورٹس کمپلکس پر ہوگی۔ اویس اسد خان نے کے پی ٹی کے مینجر اسپورٹس کرنل (ر) سید بصیر عالم اور ان کے محکمہ کے تمام اراکین کا ٹورنامنٹ میں بھرپور تعاون کرنے پر اظہار تشکر کیا اور میڈیا سے اپیل کی کہ ایک طویل عرصہ کے بعد کراچی میں بڑے پیمانے پر ہونے والے فٹ بال ٹورنامنٹ کی بھرپور کوریج کریں۔ انہوں نے ایس ایس پی سٹی شہلا قریشی اور بلدیہ جنوبی کے چیئر مین ملک فیاض اعوان کا ٹورنامنٹ میں تعاون کرنے پر شکر یہ ادا کیا۔