افغانستان میں سڑک کنارے بم پھٹنے سے 6 شہری ہلاک، حکام کا مشرقی ضلع سے داعش کو پسپا کرنے کا دعویٰ

January 16, 2017

کابل (جنگ نیوز)مشرقی افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ،حکام کے مطابق واقعہ صوبے ننگرہارمیں پیش آیا،ہلاک شدگان میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہیںجبکہ2 شہری زخمی بھی ہوئے ،فی الحال کسی گروہ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ،تحقیقات جاری ہیں،دوسری جانب افغان حکومت نے ملک کے ایک مشرقی ضلع میں شدت پسند گروپ داعش کے خلاف 3ماہ سے جاری آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ننگرہار صوبے میں افغان فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ داعش گروپ کو پچراگام سے نکال باہر کیا ہے اور داعش جنگجو اب ان علاقوں میں موجود نہیں ،قبل ازیں رواں ماہ پچراگام میں شدت پسند گروپ کی شکست کے بعد داعش کے جنگجوؤں نے قریب ہی واقع کوٹ ضلع پر حملہ کیا جس میں انہو ں نے مقامی ملیشیا فورسز کو نشانہ بنایامقامی ذرائع کے مطابق دہشت گرد گروپ کے جنگجو پولیس کی چیک پوسٹ کی طرف پیش قدمی کر رہے ہیں۔واضح رہے افغانستان میں اب بھی طالبان اور داعش جنگجو کے مابین اور فورسز اور جنگجوؤں کے مابین لڑائی جاری ہے اور وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں،جس میں اب تک سیکڑوں شہری جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ہزاروں زخمی ہیں ، اسکے علاوہ افغانستان میںشہریوںکو زندگی کی بنیادی ضررویات بھی میسر نہیں ہیں۔