برطانوی مسلم جیل کے سینئر مبلغ خاتون پر جنسی حملے کے الزام میں گرفتار

January 16, 2017

لندن (جنگ نیوز) برطانیہ کے انتہائی تجربہ کار مسلم جیل کے مبلغوں میں سے ایک کو ایک خاتون پر مبینہ طور پر جنسی حملہ کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ 47سالہ سکندر پٹھان کو گزشتہ ہفتہ نوجوان مجرموں کے لیے برطانیہ کے سب سے بڑے سینٹرز میں سے ایک فالتھام پر کل وقتی ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری سٹینز، سرے میں ایک خاتون پر امام کے زبردستی حملے کے دعوے پر گزشتہ سال 29دسمبر کو افسران کی جانب سے پوچھ گچھ کے بعد عمل میں آئی۔ سرے پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک شخص کو جنسی حملے اور تشدد کے شبہ پر گرفتار کیا گیا ہے۔ 47سالہ سکندر پٹھان ملک میں مسلم جیل کے انتہائی تجربہ کار واعظوں میں سے ایک ہے جوکہ ایک عشرے سے زائد عرصہ ہوا ویسٹ لندن میں فالتھام پر مسلمان قیدیوں کو روحانی تعلیم دے رہا تھا۔ وہ اب لندن میں تمام جیلوں کے لیے علاقائی واعظ ہے۔ وہ نیشنل مسلم چپلینز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہا ہے۔ وہ جیلوں میں انتہا پسندی کے خدشات پر بھی اکثر خطاب کرتا رہا ہے۔ 2011ء میں اس نے ہوم افیئرز سلیکٹ کمیٹی پر ارکان پارلیمنٹ کو اس موضوع پر شواہد پیش کیے تھے۔ سکندر پٹھان ایک این ایچ ایس چپلین، وائس پرنسپل کی حیثیت سے ایک مدرسہ، سکول اور ہیتھرو کے نزدیک ایک مسجد پر مبلغ کی حیثیت سے کام کرچکا ہے۔