لاہور دھماکا، مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا اظہار مذمت

February 13, 2017

لاہور میں آج ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں معصوم افراد کی جانوں کے نقصان پر مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے اظہار مذمت کیا ہے۔

قائد حزب اختلاف سید خوشید احمد شاہ نے لاہور میں دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اپنے پیغام میں شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام، پاکستان اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں،نیشنل ایکشن پلان پر بلا خوف خطر پوری تندہی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے ورنہ دہشت گردی کے خاتمے کی ہماری کوششیں مکمل کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکیں گی۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداءکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اورزخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے ۔

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوگئی، لاہور بم دھماکے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے باہردواسازکمپنیوں کی جانب سے جاری احتجاج میں بم دھماکے پرکنوینرایم کیوایم پاکستان ڈاکٹرفاروق ستارنے اظہارِمذمت کرتے ہوئے کہا کہ بم دھماکا سوچی سمجھی منصوبہ بندی ہے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے باہربم دھماکے کی تمام ترذمہ داری پنجاب حکومت اور سیکیورٹی فورسزپرعائدہوتی ہے،پنجاب حکومت اورسیکیورٹی فورسزشہریوں کوجان ومال تحفظ فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہیں۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن نے بھی لاہور دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ شہیدوں کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی لاہور میں آج ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے گورنر، وزیر اعلیٰ سمیت مختلف سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے لاہور میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے ۔

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی لاہور دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ، اے این پی کے سینیٹر الیاس احمد بلور، خیبر پِختونخوا حکومت کے ترجمان مشتاق احمد غنی، وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، اہلسنت والجماعت خیبر پختونخوا کے صدر علامہ عطاء محمد دیشانی نے بھی لاہور دھماکے کی مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔