نجی ٹیکسی سروس کو قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت

February 17, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نےاوبر اور کریم ٹیکسی سروس کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سماعت سات مارچ تک ملتوی کردی،تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر پر مشتمل دو رکنی بینچ کی عدالت میں اوبر اور کریم ٹیکسی کے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جواب جمع کرادیا گیاجس میں بتایا گیا کہ اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کو تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی ہے، اسی حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ نے اپنی کارروائی بھی شروع کردی ہے اورٹیکسی سروس کو لیٹر بھی ارسال کر دیے گئے ہیں، عدالت میں اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کی جانب سے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم ماڈرن انفارمیشن ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں، کوئی غلط کام نہیں کر رہے، ہم تمام حکومتی اور ٹیکسی قوانین کا احترام کرتے ہیں جس پر عدالت میں ٹریفک پولیس کی جانب سے جواب داخل کرنے کے لئے مہلت طلب کی گئی۔