سخی لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دہشت گردی بزدلانہ کارروائی ہے، ملک دشمن عناصرقوم کے حوصلوںکو پست نہیں کرسکتے، کمیونٹی رہنما

February 17, 2017

لندن، برمنگھم، ہیلی فیکس، وٹفورڈ، برسلز(علامہ عظیم جی،زاہد انور مرزا، عظیم ڈار، ابرار مغل، آصف محمود براہٹلوی، نمائندہ جنگ، پ ر) برطانیہ و یورپی ملکوں کے سیاسی سماجی مذہبی اور عوامی حلقوں نے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، ممبر صوبائی اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی نے لاہور کے بعد پشاور اور پھر سہون شریف پر دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ،سابق ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شاہد عتیق نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی میں بھارت ملوث ہوسکتا ہے، ہماری قوم مل کر اس کا مقابلہ کرے گی۔ صدر مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ پروفیسر سید احمد حسین ترمذی نے سہون شریف میں ہونے والے دھماکہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ جنرل سیکرٹری جماعت اہل سنت برطانیہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے وطن عزیز پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ سہون شریف میں حالیہ دہشت گردی ہمیں کمزور کرنے کی کوشش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، علامہ سجاد رضوی کا کہنا تھا کہ درگاہ پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ صدر استحکام پاکستان کونسل برطانیہ زیڈ اے مرزا نے کہا کہ حالیہ حملے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش ہے ان کا کہنا تھا کہ صوفیوں کاجدوجہد پاکستان میں اہم حصہ ہے، بیرون ملک پاکستانی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل کے رہنما امجد بوبی، پروفیسر لیاقت علی خان، ڈاکٹر خالد، چوہدری محمد شہپال، شفقت اقبال، شہزاد مجید، نعمان زید، انجینئر کونسلر ثقلین محمود، کونسلر سہیل بشیر ایڈووکیٹ، چوہدری محمد شریف دیگر رہنماؤں نے لعل شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب بھارت کی ایما پر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کے آرمی جنرل کا تازہ بیان واضح ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان میں دہشت گردی شروع کر رکھی ہے۔ نیشنل پیس فورم کمیٹی انٹر فیتھ یوکے، کے وائس چیئرمین پرنسپل ایم سی بی کالج مانچسٹر چوہدری شہباز سرور نے سخی شہباز قلندر کے دربار اور پاک فوج کے دستوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کا خاتمہ کریں اور بے رحم آپریشن کیا جائے، گریٹر مانچسٹر پاکستانی ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہارون کھٹانہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے تمام پاکستانی سیاست دان نقطہ ’’دہشت گردی کو ختم کرو‘‘ پر عمل پیرا ہوں۔ روحانی پیشوا علما کونسل برطانیہ کے صدر پیر صاحبزادہ مزمل حسین جماعتی نے سخی شہباز قلندر کے مزار پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور جماعت منزل پر مشائخ و علما کرام کی ہنگامی میٹنگ طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کو بزدل دشمنوں کی سازشوں کی آماجگاہ بننے نہیں دیا جائے گا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پورے ملک میں ہنگامی اقدامات کریں اور پاک فوج کو ملک کے ہر حصے میں بڑا آپریشن کرنے کے احکامات دیں۔ برطانیہ میں سندھ سے تعلق رکھنے والے سندھی ادبی سنگت کے سابق صدر ڈاکٹر عبدالجبار قریشی نے کہا کہ امن کی جگہ پر بدامنی پھیلانے والے ملک اسلام انسانیت کے دشمن ہیں۔ مرکزی جماعت اہل سنت اوورسیز رجسٹرڈ کے بانی صدر علامہ احمد نثار بیگ نے سہون شریف پر بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور زائرین شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور حکومت کی نا اہلی پر سخت تنقید کی کہ حکمراں دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کی بجائے اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر کونسلر نعیم الحسن نے سخی شہباز قلندر کے مزار پر بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ صوفی استاد محمد صفدر صدر حضرت امیر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی اور رابطہ سیکرٹری زندہ پیر چوہدری اعجاز ملہی نے سخی شہباز قلندر کے مزار پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جمعیت المسلمین مانچسٹر کے سابق صدر راجہ محمد افسر کیانی، قدیر احمد چوہان نے پاک فوج سے دہشت گردوں کا سرحدوں کے اندر اور باہر قلع قمع کرنے کی اپیل کی۔ کونسلر رب نواز نے پاکستان میں گزشتہ پانچ دنوں میں مختلف مقامات پر دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ساتھ ساتھ گروپ کے چیئرمین سید اظہر بخاری، جنرل سیکرٹری سید جاوید شاہ، نائب صدر امجد حسین مغل، سید رضوان کاظمی، عبدالباسط اور دیگر ارکان نے سخی شہباز قلندر کی درگاہ پر حملے کی مذمت اور زخمیوں کی فوری دیکھ بھال پر زور دیا۔ میاں شہزاد بشیر نے اس سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ سینئر سٹیزن کے صدر محمد صفدر نے اس سانحہ کو ملک دشمنی قرار دیا۔ سید افتخار کاظمی، سجاد شاہ کاظمی، قیصر بخاری، عمران رضوان نے سانحہ شہباز قلندر درگاہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ کاروان فکر کے رہنما شاکر قریشی، اسد بٹ، سیف خان، چوہدری اسلم وسن، شاہد فاروق سندھو، شہزاد خالق سندھو، عدنان ملک، ظفر اقبال، رفیق مغل، حارث، عثمان، اظہر طاہر اور دیگر نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ چند دن میں ہونے والی دہشت گردی اور تخریب کاری کا نیا سلسلہ انتہائی تشویشناک ہے۔ پاکستان نژاد ممبر برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور الٰہی نے سہون شریف درگاہ پر خودکش حملے کو پاکستانی قوم کے لیے بہت بڑا المیہ قرار دیا۔ پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے چیئرمین شیخ ماجد نے پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفاک دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستان کا بال بھی بیکا نہیں کرسکتے۔ حکومتی ایوانوں میں بیٹھے وزیروں کی نااہلی اور غفلت نے ملک میں ابہام کی کیفیت پیدا کردی ہے۔ شیخ ماجد نے لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں خودکش حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم افراد کے لیے دعائیں کیں۔ سینئر رہنما غلام ربانی المعروف بابو بھائی نے پاکستانی قوم سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردوں کی وارداتوں کو ناکام بنانے کے لیے آپس میں متحد ہوجائیں۔ پی ٹی آئی بلجیم کے نامزد امیدوار برائے صدر شکیل گوہر نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے ملک کے اندر انارکی پھیلانے کی کوششیں کرکے عدم تحفظ کی فضا بڑھا رہے ہیں۔ ہمیں من حیث القوم آپس میں متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ سینئر رہنما زاہد حسین بھدر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو بیرونی سازشی عناصر بدنام کرنے کے لیے دہشت انگیز کارروائیاں کررہے ہیں۔ خودکش حملے موجودہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ چوہدری زاہد نے کہا کہ پاکستان کو آج تک صحیح لیڈر شپ میسر ہی نہیں آسکی جو ملک کے اندر انقلابی تبدیلیوں کے ذریعے عوام کو خوشحال بنادیتیں اور نہ ہی ملک کو مضبوط بناسکیں کہ جسے دنیا بھر کے ممالک عزت کی نگاہ سے دیکھتے۔ پریس سیکرٹری شفیق بٹ نے کہا کہ دہشت گردی کی موجودہ وارداتوں نے ملک کے اندر کہرام مچاکر رکھ دیا ہے۔جماعت اہلسنت برطانیہ کے قائدین علامہ مفتی گل رحمن قادری، علامہ خلیل احمد حقانی، علامہ پیر مصباح المالک لقمانوی، علامہ غلام ربانی افغانی، علامہ مفتی محمد نصیر اللہ نقشبندی، صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن قادری، علامہ مفتی یار محمد قادری، علامہ رسول بخش سعیدی، علامہ حافظ سعید مکی، علامہ سید ظفر اللہ شاہ، علامہ سید فاروق شاہ، علامہ مفتی محبوب قادری اور دیگر قائدین کی جانب سے اپنے مشترکہ بیان میں درگاہ حضرت لال شہباز قلندر پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے نقصان اور سیکڑوں افراد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ سابق مشیر حکومت محمد سعید مغلMBE، قاری تصور الحق، چوہدری شاہ نواز، وقار اسلم کیانی، پیر محمد طیب الرحمن قادری، صاحبزادہ محمد رفیق چشتی، راجہ اسحق صابر، عرفان افضل بٹ، عمران، محمد عثمان، راجہ فہیم کیانی، قیوم راہ حاجی شریف مغل، چوہدری امین، ارشاد عزیز، رضوان گجر، چوہدری عبدالغفور کھاڑک، حاجی بشیر، مولانا ضیاء المحسن طیب، امام خالد محمود حسین، حکیم اخترالزمان غوری اور دیگر بھی دھماکے کی مذمت کی ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات مولانا حافظ عبدالاعلی درانی نے کہا کہ وطن عزیز میں بم دھماکوں کا جو نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، حکومت اور ادارے جو مرضی کرلیں اس کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ممکن نہیں ہے جو لوگ ملوث ہیں ان کی ذہن سازی کی طرف بھی توجہ دینی چاہیے۔اے پی ایم ایل یو کے محمد علی چوہان نے سہون شریف درگاہ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا حکومت دہشت گرد عناصر کیخلاف بھرپور کارروائی کرے۔