گورنراسٹیٹ بینک کے نام سے جعلی ای میل کا انکشاف

February 21, 2017

جعلسازوں کا ایک اور حربہ سامنے آگیا،مالی فراڈ کرنے والوں نے گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی نہ بخشا،کراچی میں مختلف افراد کو گورنر اسٹیٹ بینک کے نام سے جعلی ای میلز بھیجے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ای میلز کے ذریعے کھاتے داروں کو بتایا جاتا ہے کہ مرکزی بینک میں اُن کے نام پر 12 کروڑ ڈالر آئے ہیں، ذاتی اکاؤنٹ کی تفصیلات بھیجیں تاکہ رقم منتقل کی جاسکے۔

اسٹیٹ بینک نے ایسی ای میلز سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ مالی فراڈ کرنے والے جعلسازوں کا حربہ ہے جس پر ہرگز اعتبار نہ کیا جائے۔

کراچی میں متعدد بینک کھاتے داروں کو ایک ایسی ایمیل بھیجی گئی ہے جسے پڑھنے کے بعد دِل جھومنے لگتا ہے اور دماغ کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ جعلی ای میل کسی اور کے نام سے نہیں، بلکہ گورنر اسٹیٹ بینک کے نام سے بھیجی جارہی ہے۔

ترجمان اسٹیٹ بینک کے وضاحتی بیان کے مطابق ، ای میل میں کھاتے دار کو بتایا جاتا ہے کہ اُس کے نام بیرون ملک سے 12کروڑ ڈالر یعنی 12ارب روپے اسٹیٹ بینک میں آچکے ہیں، لہٰذا کھاتے دار فوری اپنے بینک اکاؤنٹ کی تمام تفصیلات بھیجے تاکہ رقم اُس کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جاسکے۔

ترجمان نے عوام کو خبر دار کیا ہے کہ اس طرح کی ای میلز سے اسٹیٹ بینک کا کوئی تعلق نہیں، یہ کام جعل سازوں کا ہے جو لوگوں کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات معلوم کرکے ، اُن کے ساتھ مالی فراڈ کرنا چاہتے ہیں۔