تھریسا مے اگلے بدھ کو یورپی یونین سے علیحدگی کا سرکاری اعلان کریں گی

March 21, 2017

لندن(پی اے) وزیراعظم تھریسامے اگلے بدھ کو یورپی یونین سے علیحدگی کا سرکاری طوپراعلان کریں گی۔ ڈائوننگ سٹریٹ کے مطابق وہ یورپین کونسل کو ایک خط لکھیںگی جس میں اس امید کااظہار ہوگا کہ ای یو سے اخراج کی شرائط اور مستقبل میں تعلقات پر مذاکرات جتنی جلد ممکن ہوںشروع کردیئے جائیں۔ ای یو کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ یونین خط کے لئے تیار اور انتظار کررہی ہے۔ مسزمے کے ترجمان نے قبل ازوقت انتخابات کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہورہا، آرٹیکل 50 کی کارروائی کے تحت اخراج کی شرائط اور مستقبل میںتعلقات پر بات چیت شروع کرنے کی اجازت اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک کہ برطانیہ رسمی طورپر ای یو کو آگاہ نہ کردے کہ وہ یونین سے علیحدگی اختیار کررہا ہے۔ اگر تمام مذاکرات باقاعدہ ٹائم ٹیبل کے تحت دیئے گئے دو سالہ مدت میںہوجاتے ہیںتو بریگزٹ مارچ 2019میںہوجانا چاہئے، نمبر 10کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ای یو میں برطانوی سفیر سرٹم بیرو نے صدر ڈونلڈ ٹسک کی زیر قیادت یورپین کونسل کو آرٹیکل 50پر عملدرآمد کی تاریخ کے بارے میں پیر سے قبل آگاہ کردیا تھا۔ توقع ہے کہ مسزمے بدھ کے روز آرٹیکل 50پر عملدرآمد کے اعلان کے بعد ہائوس آف کامنز میں ایک بیان دیں گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ مذاکرات جتنی جلد ممکن ہو شروع کردیئے جائیں۔