ٹرمپ انتظامیہ ایران پر نظر رکھے ہوئے ہے، امریکی سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے پر غور جاری ہے، امریکی نائب صدر

March 28, 2017

نیویارک ( جنگ نیوز)امریکا کے نائب صدر مائیک پینس نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران پر نظر رکھے ہوئے ہے، خطے کو غیر مستحکم اور اسرائیل کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی ایرانی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر سفارتخانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں،یہ بات انھوں نے واشنگٹن میں امریکن اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی (اے آئی پی اے سی) کے تین روزہ اجلاس کے افتتاح کے موقع پر کہی،انہوںنے مزید کہا کہ اسرائیل کے لیے امریکاکے عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدار امن کی راہ تلاش کرنے کے لیے پرعزم ہیں،انھوں نے مزید کہا کہ صدر امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں،ایسا کوئی بھی اقدام امن کی کوششوں کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ فلسطینی مشرقی مقبوضہ بیت المقدس کو دو ریاستی حل کے نتیجے میں بننے والی اپنی ریاست کا دارالحکومت تصور کرتے ہیں۔