پہلا ون ڈے، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 4وکٹوں سے ہرا دیا

April 08, 2017

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان گیانا کے پروویڈینس اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو4 وکٹوں سے ہرا دیا۔

اس جیت کے ساتھ کالی آندھی ٹیم نے 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ جیسن محمد کی بہرترین کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جس پر پاکستان کی ٹیم نے 50اوورز میں 5کھلاڑیوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 88 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ احمد شہزاد نے 67، شعیب ملک نے 53 اور کامران اکمل نے 47 کی باریاں تراشیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایشلے نرس نے 4 وکٹیں لیں جبکہ جیسن ہولڈر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان کے 309رنز کے ہدف کے تعاقب میں کالی آندھی ٹیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49اوورز میں ہی ہدف حاصل کرلیا۔

ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ جیسن محمد91، کیرن پاول نے 61، ایون لیوس47 اور ایشلے نرس34 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کے بولرز کی جانب سے محمد عامر اور شاداب خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 9اپریل کو اسی گرائونڈ پر کھیلا جائے گا۔