مشال کیس ، ایک اور ملزم گرفتار، تعداد 33 ہوگئی

April 23, 2017

عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں طالب علم مشال خان کے قتل کے شبے میں ایک اور ملزم کو چارسدہ سے گرفتارکرلیا گیا،گرفتار ملزمان کی تعداد تینتیس ہو گئی،مردان میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش چار ملزمان میں سے ایک نے مشال پر تشدد کا اعتراف کرلیا۔

مشال خان کے قتل میں ملوث طالب علم عامر کو چارسدہ کی تحصیل تنگی کےعلاقے گل آباد سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عامر کو واقعے کی وڈیو میں شناخت کے بعد گرفتارکیا گیا ہے۔ جو مرکزی ملزم وجاہت کا قریبی ساتھی بھی بتایا جاتا ہے۔ جس کے بعد اس مقدمے میں باضابطہ طورپرگرفتارملزمان کی تعداد33 ہوگئی ہے۔

ادھر مشال قتل کیس میں گرفتار4 ملزمان کو ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جس میں ایک ملزم حافظ اشرف علی نے مشال پر تشدد کا اعتراف کرلیا جبکہ تین ملزمان حسن، حمزہ اور غیور نے اعتراف جرم سے انکار کردیا ۔

چاروں ملزمان کو مزید 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔مشال قتل کیس میں اب تک 24 ملزمان کو جیل بھیجا جاچکا ہے جبکہ آٹھ ملزمان ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں ۔