فیصل صالح کی مدت صدارت دو سال بڑھانے کی سفارش کا فیصلہ

May 08, 2017

اے ایف سی نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل حیات کی صدارت کی دو سالہ مدت کو مزید دو سال بڑھا کر فٹ بال کی عالمی تنظیم کو بھی اس کی توثیق کی سفارش کرنے کو کہا ہے امید ہے کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) بھی عنقریب ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے اس فیصلے کی توثیق کردے گی۔

یہ بات اے ایف سی کی جانب سے جاری خبر میں کہی گئی ہے۔ اے ایف سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بحرین کے شہر مانامہ میں ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان بن خلیفہ کی زیر صدارت 7مئی کو ہونے والی اے ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دیگر امور کے علاوہ یہ اہم فیصلہ بھی کیا گیا۔

اے ایف سی کی اس مقصد کے لئے بنائی جانے والی ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں فیفا سے سفارش کی جائے گی کہ 30جون2015 کو ہونے والے الیکشنز کے نتیجہ میں منتخب ہونے والی پی ایف ایف کی آئینی باڈی کو 2کی بجائے مکمل 4سال کی ٹرم دی جائے۔

2015میں الیکشن کے بعد منتخب ہونے والی پی ایف ایف کو فیفا کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے آئین میں ضروری تبدیلیوں کے بعد 2سال بعد یعنی سال 2017میں دوبارہ نئے الیکشنز کروائے اور فیفا کی جانب سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی آئینی مدت 4 سال کو ان الیکشنز کے لئے کم کر کے 2سال کر دیا گیا تھا جس کے دوران کچھ اہم آئینی تبدیلیاں کیا جانا مقصود تھا مگر درحقیقت پی ایف ایف کے ہیڈ کوارٹر، لاہور اور اس کے بینک اکائونٹس اس کی دسترس میں نہ ہونے کے باعث اس سمت میں کوئی کام نہ ہو سکا۔

اے ایف سی کی جانب سے جاری ہونے والے خبر میں مزید کہا گیا ہے کہ جلد ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان بھیجا جائے گا جو حکومت پاکستان سے ملاقات میں فٹ بال کے معاملات میں کسی بھی جانب سے کی جانے والی مداخلت کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو سال سے پاکستان میں فٹ بال مکمل بندش کا شکار ہے اور فٹ بال کے حلقے بشمول کھلاڑی، ریفریز، کوچز اور کھیل کے چاہنے والے اس کا زمہ دار حکومتی مداخلت کو گردانتے ہیں۔ فٹ بال کے حلقے اے ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اس فیصلے کو انتہائی مثبت پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔