سینٹرل جیل کراچی میں قیدیوں کیلئے مفت طبی کیمپ لگایاگیا

May 18, 2017

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور المصطفیٰ کے اشتراک سے سینٹرل جیل کراچی میں آنکھوں اور جلدکے امراض کے علاج کے لئے فری کیمپ لگایاگیاجس کاافتتاح سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمدعلی شیخ نے کیا اس موقع پرافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے چیف جسٹس نے کہاکہ جو لوگ کسی بھی وجہ سے جیلوں میں بندہیں ،ان سے ہمدردی کرناہمارافرض ہےخصوصاًاس کے علاج معالجے پر توجہ دینا احسن اقدام ہے۔سندھ ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن اور المصطفیٰ کراچی کے بعد حیدرآباداور لاڑکانہ سمیت سندھ کی جس جیل میں بھی ایسے کیمپ لگائے گی ان سب میں شرکت کرونگا اس طرح کے دوروں سے جیل کی صورت حال اور حالات کی اصلاح کے لیے بہت سے اصلاحی اقدامات بھی کئے جا سکتے ہیں۔اس موقع پرالمصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب،جسٹس عرفان سعادت،آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن،ہائی کورٹ اور کراچی بارایسوسی ایشن کے صدرنعیم قریشی اور جنرل سیکرٹری خالد نواز مروت، عبدالغفارسعیدی اوراحمدرضاطیب بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں چیف جسٹس نے مزیدکہاکہ جوسماجی تنظیمیں قیدیوں کے لئے تعلیمی،طبی اور فلاحی کام کررہی ہیں ان کو میں قدرکی نگاہ سے دیکھتاہوںاور اس سلسلے میںآئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن نے جو المصطفیٰ کی خدمات کاتفصیلی تذکرہ کیااس سے میں بے حدخوش ہوا ہوںدیگرجیلوں میں بھی جوکیمپ لگیں گے ان میں میرے دورے کامقصدقیدیوں کوہونے والی غیرضروری تکالیف کودورکرناہے۔