پی سی بی نے جنرل منیجر میڈیا آغا اکبر کو برطرف کردیا

May 20, 2017

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے تحقیقات مکمل ہونے کے کئی ماہ بعد اپنے جنرل منیجر میڈیا آغا اکبر کو ملازمت سے برطرف کردیا ہے۔ گذشتہ ماہ دورہ انگلینڈ کے مانچسٹر ٹیسٹ کے بعد آغا اکبر کے خلاف ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کے صحافی کے ساتھ فون پر نازیبا گفتگو کرنے پر ان کے خلاف آغا زاہد کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ چیئرمین شہریار خان کے سپرد کی ہوئی تھی۔ آغا اکبر کو تحقیقات کے دوران او ایس ڈی بناکر سائیڈ لائن کردیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی دوست ذاکر خان بھی ایک سال سے او یس ڈی ہیں۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے عہدے سے ھٹانے کے بعد انہیں پاکستان جونیئر ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا تھا۔ ذاکر خان کے خلاف بھی جونیئر ورلڈ کپ کے بعد کوچ مسرور احمد نے پروفیشنل معاملات میں اثر انداز ہونے کا الزام لگایا تھا۔ان کے مستقبل کا فیصلہ جلد متوقع ہے۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر ذاکر خان ڈائر یکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے باوجود ڈائریکٹر کی تنخواہ اور مراعات حاصل کررہے ہیں۔ پی سی بی ذرائع نے تصدیق کی کہ آغا اکبر کو چند دن قبل خاموشی سے ملازمت سے الگ کردیا گیا ۔ اسپورٹس میں انگریزی زبان کے صحافی آغا اکبر نے 2014 میں پہلی بار پی سی بی میں فل ٹائم ملازمت کی تھی۔ وہ امجد حسین بھٹی کی تعیناتی سے قبل پی سی بی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ تھے۔ انہوں نے ورلڈ کپ سمیت کئی غیر ملکی دورں میں پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر کے طور پر ذمے داریاں نبھائیں ۔ انگلینڈ کے دورے کے بعد ان کا ستارہ گردش میں آیا جب کراچی کے ایک صحافی نے بورڈ کو تحریری شکایت دی کہ آغا اکبر نے رات گئے انہیں فون کیا اور فون پر ہراساں کرنے کے علاوہ نازیبازبانی استعمال کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آغا اکبر کی خالی ہونے والی پوسٹ پر سینئر منیجر رضا راشد کچلوکو جنرل منیجر کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی جبکہ عماد حمید کو رضا راشد کی جگہ پی سی بی میڈیا ڈپارٹمنٹ میں لایا جارہا ہے۔ رضا راشد اس وقت پاکستان ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کے دورے پر ہیں۔