”دِل دِل رمضان“ ہر محفل کاموضوع ، تجسس بھی انتہا کو پہنچ گیا!!

May 23, 2017

کراچی (محمد ناصر) ”جب ماہ رمضان شروع ہوتا ہے تو رحمت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اور شیطانوں کو جکڑ دیا جاتا ہے“۔ رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کے مقدس مہینے یعنی ”رمضان المبارک“ کا آغاز ہونے میں صرف چند روز باقی ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا ٹیلی ویژن نیٹ ورک ”جیو“ اس بار کس انداز میں رمضان المبارک کی منفرد نشریات پیش کرے گا؟۔ یہ وہ ملین ڈالر سوال ہے جو اِن دِنوں ہر محفل کا اہم موضوع بنا ہوا ہے اور ”دِل دِل رمضان“ کے خوبصورت پروموز نے آن ایئر ہونے کے بعد سے اب تک ناظرین کے تجسس اور جوش میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔ ”جیو“ نے ہمیشہ ہی منفرد اور دِل چھولینے والے پروگرام اور نشریات پیش کرکے اپنی انفرادیت قائم رکھی ہے اورہمیشہ کی طرح اس برس بھی ”جیو ٹی وی“ رمضان المبارک کی تاریخی نشریات ”دِل دِل رمضان“ کے عنوان سے پیش کرنے کی سعادت حاصل کرنے والا ہے جس میں خوبصورت سیٹ پر بہترین اور مقبول میزبانوں کی سرپرستی میں جدت اور روایت کا حسین امتزاج ہمیشہ کی طرح اس برس بھی اپنے نقطہ¿ عروج پر نظر آئے گا ۔ روح پرور ساعتوں کا لطف دوبالا کرنے کیلئے بابرکت مہینے میں تشکیل دی گئی رمضان کی خصوصی نشریات میں سب کیلئے سب کچھ موجود ہے ۔ قصیدہ بردہ شریف، حمد، نعت، وظائف، آرٹ کمپٹیشن ، قصص السلام ، کوئز مقابلے ، کوکنگ سیگمنٹ ، عالم آن لائن، عالمہ آن لائن ، منی گیم شو ، روزہ کشائی اور بےش بہا انعامات ۔ اس کے علاوہ پاکستان کا سب سے بڑا گیم شو ”جیو کھیلو پاکستان“ بھی ناظرین کی توانائی میں اضافہ کرنے کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ ضرورت مندوں کو بھی ماہ مقدس کی برکتوں کا حصہ بنا کر کے اُن کے آنسو پونچھنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عوام کی بہت بڑی تعداد اس خصوصی ٹرانسمیشن میں شرکت کی خواہش مند ہے یہی وجہ ہے کہ فیملیز کا اس نشریات میں رجسٹریشن کیلئے ادارے میں ٹیلی فون کالز پر تانتا بندھا رہتا ہے۔ عوام کی بڑی تعداد ”جیو “ کی افطار کے ساتھ سحری ٹرانسمیشن میں بھی شریک ہونا چاہتی ہے۔ دوسری جانب خصوصی طور پر رمضان ٹرانسمیشن کیلئے تیار کیا گیت ”دِل دِل رمضان“ بھی ہر گھر میں روحانی فضا قائم کررہا ہے۔ رمضان نشریات کے مرکزی میزبان بشریٰ انصاری، نعمان اعجاز ہیں جبکہ گیم شو ”جیو کھیلو پاکستان“ کی میزبانی کرکٹ لیجنڈز وسیم اکرم اور شعیب اختر کریں گے۔