فیصل آباد کسٹمز کی کارروائی میں 2ملزمان زیرحراست، ڈیزل و تیل برآمد

June 03, 2017

فیصل آباد میں کسٹم انٹیلی جنس نے کارروائی کرتے ہوئے اسمگل شدہ ساڑھے 8 لاکھ لیٹر ایرانی ڈیزل اور مٹی کا تیل برآمد کرتے ہوئے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیاہے۔

کسٹم انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ڈائیریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس شوکت علی کے حکم پر کی گئی تھی۔ کسٹم انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق گودام سے ایرانی ڈیزل اور مٹی کے تیل سے بھرے ساڑھے 4 ہزار ڈرم قبضے میں لے لیےگئے ہیں۔

ملزمان ایران سے کیمکل کی آڑ میں ڈیزل اور مٹی کے تیل کی غیر قانونی درآمد میں ملوث تھے اور غیر قانونی طور پر درآمد کیا گیا ڈیزل اور مٹی کا تیل ملک بھر میں سپلائی کیا جاتا تھا۔

غیر قانونی طور پر ڈیزل اور مٹی کے تیل کی درآمد کا اتنا بڑا نیٹ ورک فیصل آباد میں پہلی بار پکڑا گیا ہے۔ گودام کا مالک چھاپے کے دوران فرار ہو گیا، تاہم گودام کے2 چوکیداروں کو حراست میں لیا گیا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے ۔