بیت المقدس کی بازیابی کے لئے مسلم امہ کو متحد ہو نا ہوگا،علامہ ناصر عباس

June 24, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ فلسطین و قبلہ اول کی آزادی ناگزیر ہے۔وہ کراچی میں آئی ایس او پاکستان کے تحت نکالی جانے والے یوم القدس کی ریلی کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے، جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کی مرکزی آزادی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی تا تبت سینٹر تک نکالی گئی شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستان اور فلسطین کے جھنڈے اٹھائے ہو ئے تھے، ریلی میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد سمیت جوانوں اور بزرگوں سمیت علمائے کرام اورزندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شر کت کی۔شرکائے القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کا بانی اور موجد ہے جبکہ لاکھوں مظلوم فلسطینیوں کا خون بھی امریکی ہاتھوں پر ہے، انہوںنے کہا کہ اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہاہے جبکہ امریکا اسرائیل کو اربوں ڈالر کا اسلحہ فوجی مدد کے نام پر دے کر مظلوم انسانیت کے قتل عام کا مرتکب ہو رہاہے، بیت المقدس کی بازیابی کے لئے پوری مسلم امہ کو متحد ہو کر جد وجہد کرنا ہو گی ،دنیا کی کوئی طاقت اسرائیل کی نابودی اور فلسطین کی آزادی کو نہیں روک سکتی۔