غریبوں ، محتاجوں کی مدد کرنا عین عبادت ہے، میئر کراچی

June 25, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ غریبوں ، محتاجوں اور یتیموں کی مدد کرنا عین عبادت ہے اور رمضان المبارک میں اس کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے، جو لوگ سحر و افطار کے لئے ایسے افراد کی مدد کرتے ہیں وہ قابل تحسین ہیں، خاص طور پر وہ نوجوان جو خدمت خلق کے جذبے کے تحت شہر کے عام مقامات پر افطاری کا انتظام کرتے ہیں، وہ سماجی تنظیم ’’رزق‘‘ کے زیر اہتمام ڈی جے کالج کے فٹ پاتھ پر عوامی افطار میں شرکت کے موقع پر گفتگو کررہے تھے، میئر کراچی نے عام لوگوں کے درمیان فٹ پاتھ پر بیٹھ کر افطاری کی اور کھانا کھایا،بعدازاں ذرائع ابلاغکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے مال اور دولت عطا کی ہے وہ نیک نیتی اور نیک جذبے کے ساتھ اپنے ہم وطنوں کی مدد کریں تاکہ وہ لوگ بھی رمضان المبارک کے ساتھ ساتھ عیدالفطر بھی مناسکیں۔ میئر کراچی نے سماجی تنظیم کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ مخیر حضرات، تاجروں اور صنعتکاروں سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ ان کی مدد کریں۔