ایڈمرل ذکاء اللہ کا بلوچستان میں بحریہ کے دستوں کیساتھ مصروف دن

June 25, 2017

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں جیونی، پسنی،گوادر اوراورماڑہ میں تعینات پاک بحریہ کے دستوں کے ہمراہ ایک دن گذارا۔

ایڈمرل ذکاءاللہ نے جیونی میں قائم پاک بحریہ کی تنصیبات کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی،اس دوران نیو ل چیف نے وطن عزیز کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے حوالے سے ان کے پیشہ ورانہ کردار اور جذبے کو سراہا۔

پاک بحریہ کی گاڑی پر حملے کے حالیہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ملک سے ہر طرح کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

بعدازاں چیف آف دی نیول اسٹاف گوادر پہنچے، جہاں انہوں نے گوادر پورٹ اور دیگر نیول یونٹس میں تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ افطار کیا، اس موقع پر نیول چیف نے افسروں اور سیلرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم و حوصلے کی تعریف کی اور بندرگاہ کے حفاظتی امور اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

دن کے اختتام پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے جناح نیول بیس اورماڑہ کا دورہ کیا اور رات وہیں گزاری جہاں انہوں نے بیس پر تعینات پاک بحریہ کے دستوں کے ساتھ سحری کی اور ان کی آپریشنل تیاری کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔

نیول چیف نے بعد میں پی این ایس محافظ کا دورہ کیا اورسمندر میں پی این ایس شمشیرپر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔دورے کے دوران نیول چیف نے ملکی سمندری حدود کے دفاع کی خاطر ان کی لگن اور جذبے کو بھی سراہا ہے۔