سکھر : چاند رات کو بازاروں میں گہما گہمی کا سلسلہ برقرار

June 26, 2017

سکھر (بیورو رپورٹ) ماہ رمضان المبارک کے آخری روز چاند رات کو بھی عیدالفطر کی تیاریوں کے سلسلہ میں کافی گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔ شہر کی اہم تجارتی مارکیٹوں ، بیوٹی پارلرز، شاپنگ سینٹرز میں مرد و خواتین اپنی ضرورت کی اشیاء کے حصول میں مشغول رہے۔ عیدالفطر سے ایک روز قبل سکھر، روہڑی، پنوعاقل و آس پاس کے علاقوں کے تجارتی مراکز میں شہریوں کی بڑی تعداد اپنی فیملی کے ہمراہ دن بھر عید کی شاپنگ کرنے میں مصروف رہی۔ منارہ مارکیٹ، شاہی بازار، فرےئر روڈ، غریب آباد، پان منڈی، اسٹیشن روڈ، گھنٹہ گھر چوک، مہران مرکز، شکارپور روڈ، ڈھک بازار روہڑی، مشن روڈ، نیم کی چاڑی، شاہی بازار ودیگر مارکیٹوں میں مرد و خواتین کا ہجوم امڈآیا، مرد و خواتین کی بڑی تعداد اپنے بچوں کے ہمراہ تیار شدہ ملبوسات سمیت دیگر اشیاء کی خریداری کرتی رہی جبکہ مشہور و معروف بیوٹی پارلرز، سیلون، ہےئر کٹنگ کی دکانوں پر مرد و خواتین کا رش رہا، خواتین نت نئے میک اپ اور لڑکیاں اپنے ہاتھوں پر مہندی لگانے میں مصروف رہی، مرد حضرات کا ہجوم سیلون کی دکانوں سے بالوں کی کٹنگ، فیشل کراتا رہا۔ عیدالفطر کے موقع پر عیدی ملنے کیلئے گھر آنیوالے مہمانوں کا منہ میٹھا کرنے کی غرض سے مٹھائی اور مہمانوں کی خاطر تواضع کیلئے دیگر لوازمات کی خریداری کا رجحان بھی دیکھنے آیا۔ حلوائی کی دکانوں سمیت دیگر اسٹورز سے شہری سویاں، شیر خورما، پاپ کون، چپس، نمکو، نمک پارے ودیگر چٹ پٹی اشیاء خریدتے رہے۔ آخری سطور لکھے جانے تک شہر کے اہم ترین تجارتی مراکز میں گہما گہمی جاری تھی۔ منچلے نوجوانوں کی جانب سے بھی عید کے موقع پر خود کو چمکانے کے ساتھ ساتھ اپنی گاڑیوں کی سروسز کرانے کا رجحان بھی عروج پر رہا۔