دہشت گردی کیخلاف انٹیلی جنس تعاون بڑھائیں گے، مودی

June 27, 2017

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ٹرمپ سے دہشت گردی اورانتہا پسندی پر بات چیت کی گئی، دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کو بڑھائیں گے،افغانستان میں امن کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون کریں گے۔

امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سےخطاب میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت نے میری ٹائم سیکورٹی اور دفاعی صلا حیت بڑھانے پر بات چیت کی ۔

بھارتی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کے اور ٹرمپ کے وژن میں کوئی فرق نہیں ۔

مودی کی جانب سے ٹرمپ کو دورہ بھارت کی دعوت بھی دی گئی ۔

قبل ازیںامریکی صدر ٹرمپ اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت دہشت گردی کا شکار ہیں۔دونوں ممالک دہشت گرد تنظیموں اور انتہا پسند نظریات کے خا تمے کے لیے پر عزم ہیں، اسلامی انتہا پسندی کا خا تمہ کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خا تمے کے لیے دونوں ممالک فوجی تعاون بڑھانے پر دن رات کام کررہے ہیں۔آئندہ ماہ بھارت ،امریکا اور جاپان کی بحری افواج بحر ہند میں مشترکہ فوجی مشقیں کریں گی۔

ٹرمپ نے بھارت کو امریکا کا سچا دوست قرار دیتے ہوئے کہاکہ امریکا اور بھارت کے درمیان اس وقت بہترین تعلقات ہیں۔ امریکا اور بھارت کو دہشت گردی کے مشترکہ خطرات کا سامنا ہے۔

امریکی صدرکا افغانستان کی تعمیر و ترقی میں بھارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت دنیا کے لیے تعمیر و ترقی کی مثال بن سکتے ہیں۔