جیو فلمز کی ’’دی گلاس ورکر‘‘ کانز فلم فیسٹیول میں پیش

May 18, 2024

پاکستان کی پہلی ہاتھ سے تیارکردہ اینی میٹڈ فلم ”دی گلاس ورکر“ دُنیا کے سب سے بڑے کانز فلم فیسٹیول میں پیش کردی گئی ہے۔ جیو فلمز کی پیشکش اینی میٹڈ فلم دی گلاس ورکر مانو اینی میشن اسٹوڈیو نے بنائی ہے، یہ فلم جیو فلمز اور مانڈووی والا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے رواں موسم گرما میں پاکستان بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم ”دی گلاس ورکر“ کانز فلم فیسٹیول میں پیش کیے جانے کے موقع پر پاکستان کریسنٹ کلیکٹیو کی جانب سے فلم بنانے والوں کے پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا۔

ڈائریکٹر عثمان ریاض نے بتایا کہ میں نے یہ سفر 10 برس پہلے 2014 میں شروع کیا تھا اور اس وقت کسی کو بھی یقین نہیں تھا کہ یہ فلم اس قدر شہرت حاصل کرے گی۔

دوسری طرف فلم کے پروڈیوسر خضر ریاض کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اینی میشن انڈسٹری کی طرف سے پاکستانی فلم کو تسلیم کیا جانا ”ایک خواب پورا ہونا ہے“۔

پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد نقوی نے کہا کہ ”دی گلاس ورکر“ نے کانز فلم فیسٹیول میں جس انداز سے پاکستان کی نمائندگی کی ہے وہ بطور پاکستانی ہم سب کےلیے قابل فخر ہے۔

”دی گلاس ورکر“ برصغیر کی پہلی فلم ہے جسے اینیسی انٹرنیشنل اینی میشن فلم فیسٹیول 2024 میں مقابلے کےلیے منتخب کیا گیا۔

دی گلاس ورکر ہالی ووڈ اور جاپانی اینی میٹڈ فلموں کے ساتھ سرکاری مقابلے کےلیے منتخب کی گئی جو بہت بڑا اعزاز ہے۔

واضح رہے کہ جیو فلمز اس سے قبل کئی مشہور اور شاہکار فلمیں اپنے ناظرین کےلیے پیش کر چکا ہے جنہیں عوام نے ہمیشہ بہت پسند کیا۔

اس کے علاوہ جیو فلمز کا پاکستانی سنیما گھروں کی بحالی میں اہم کردار بھی ہے۔

فلم خدا کے لیے، بول، طیفا اِن ٹربل، دی لیجنڈ آف مولاجٹ اور ڈونکی کنگ جیسی شاہکار فلمیں جیو فلمز کی جانب سے پیش کی گئی ہیں جنہیں ناظرین بے انتہا مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔