اسٹار کڈ کی وجہ سے راتوں رات ایک فلم سے ہاتھ دھونا پڑا، راجکمار راؤ کا انکشاف

May 18, 2024

نامور بھارتی اداکار راجکمار راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ ایک اسٹار کڈ کی وجہ سے انہیں راتوں رات ایک فلم سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔

اداکار راجکمار راؤ اس وقت اپنی نئی فلم مسٹر اینڈ مسز ماہی کی ریلیز کےلیے تیار ہیں۔ فلم کو نامور فلم ساز کرن جوہر نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم مسٹر اینڈ مسز ماہی میں راجکمار راؤ اور جھانوی کپور مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

کرن جوہر کے ساتھ ایک ڈیجیٹل پروگرام کے دوران بات چیت کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں راجکمار راؤ نے بتایا کہ جب میں ممبئی آیا تو مجھ سے کہا گیا کہ میں پارٹیز میں جاؤں۔

انہوں نے کہا کہ تعلقات بنانا غلط نہیں، لیکن پارٹی میں جاکر یہ کہنا کہ میں یہاں تعلقات بنانے آیا ہوں۔ پر یہ کہتے ہوئے بھی مجھے ایک فلم ملنے والی تھی پھر اچانک راتوں رات مجھے اس فلم سے محروم کردیا گیا۔

راجکمار راؤ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر اس فلم کا حصہ ایک اسٹار کڈ کو دے دیا گیا۔

انکا کہنا تھا کہ اس وقت میرے ذہن میں تھا کہ میرے ساتھ ناانصافی ہوئی۔ صرف اس لیے کہ آپ چیزیں کنٹرول کرسکتے ہیں، آپ لوگوں کو جانتے ہیں، آپ کالز کرسکتے ہیں۔ یہ سب غیر منصفانہ ہے۔

راجکمار راؤ نے ساتھ میں یہ بھی بتایا کہ ان سے جو فلم چھین لی گئی تھی وہ بن ہی نہیں سکی تھی۔