عیدالفطر پر ضلعی انتظامیہ کے صفائی کے دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے

June 29, 2017

سکھر(بیورو رپورٹ) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر صفائی ستھرائی کے نظام کو بحال رکھنے کے تمام تردعوے بے بنیاد ثابت ہوئے، صفائی عملہ غائب رہا، عیدالفطر کے تینوں روز شہر کی گنجان آبادی والے علاقوں میں غلاظت کے ڈھیر اور گندے پانی کے جوہڑ موجود رہے جس کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ رمضان المبارک کا پورا مہینے شہر میں صفائی ستھرائی کی ناگفتہ بے صورتحال نے لوگوں کو مشکلات سے دوچار رکھا تو عید الفطر کے موقع پر بھی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بحال رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی۔ میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے عید کے موقع پر صفائی کی صورتحال بہتر بنانے، گندگی وکچرے کے ڈھیر کو صاف رکھنے کیلئے عید پلان تشکیل دیا گیا تھا اور اس حوالے سے ٹیمیں بھی تشکیل دیکر یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہر میں کہیں پر بھی گندگی وکچرا نظر نہیں آئیگا مگر ان کے تمام تر دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے، شہر کے کسی بھی علاقے میں ملازمین کام کرتے دکھائی نہیں دیئے، عید الفطر کے روز بھی اکثریتی علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور ان سے اٹھنے والے تعفن کے باعث لوگ پریشان رہے، سکھر کی گنجان آبادی والے علاقوں باغ حیات علی شاہ، جناح چوک، میانی روڈ، نشتر روڈ، ڈھک روڈ، ریجنٹ سنیما سلیم کالونی، پرانا سکھر، غریب آباد، پان منڈی، پرانا سکھر، نیوپنڈ، نواں گوٹھ اور دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا عید کے تینوں روز افسران یا اہلکار کسی بھی جگہ دکھائی نہیں دیئے خاص طو رپر میونسپل کے ملازمین جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بحال رکھیں وہ بھی غائب رہے، عید الفطر کے موقع پر اقدامات نہ کئے جانے کے باعث لوگوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔