سانحہ احمد پور شرقیہ کے باعث عید کی خوشیاں پھیکی پڑ گئیں، گورنر

June 29, 2017

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے پیش نظر گورنر سندھ محمد زبیر نے عید الفطر انتہائی سادگی سے منائی۔گورنر سندھ نے عیدالفطر کی نماز گلشن جناح(اولڈ پولو گراؤنڈ) میں ادا کی۔ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ،کمشنر کراچی اعجاز احمد خان اور کئی اسلامی ممالک کے سفارت کاروں نے بھی گلشن جناح میں نماز عید ادا کی۔گورنر سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے باعث عید کی خوشیاں پھیکی پڑ گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے کیونکہ سیاسی و عسکری قیادت آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن جاری رکھنے اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم شدید دکھ اور افسوس کا شکارہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب کے عوام کے ساتھ ہیں۔گورنرسندھ نے کہا کہ انہوں نے گورنر پنجاب کو فون کرکے سانحہ کے زخمیوں کا کراچی کے اسپتالوں میں علاج کرانے کی پیشکش کی ہے۔گورنر ہاؤس زخمیوں کے کراچی میں علاج کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں مکمل امن و امان قائم رکھنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ ان کے اقدامات کے باعث شہریوں نے رات گئے تک بلاخوف و خطر عید کی خریداری کی۔انہوں نے مزید کہا کہ سائٹ میں پولیس اہلکاروں پر حملہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی تھی۔