ندیم نصرت کی پاکستان مخالف لابی کیساتھ سرگرمیاں 22اگست کا تسلسل ہیں، فاروق ستار

June 29, 2017

کراچی ( پ ر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے لندن سے جاری ہونے والے حالیہ آڈیو بیانات اور ندیم نصرت کی امریکا میں پاکستان مخالف لابی کے ساتھ حالیہ سرگرمیوں کو 22 اگست کا تسلسل قرار دیتے ہوئے پاکستان مخالف ہر قول و عمل کی پرزور مخالفت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ تمام پاکستانیوں بالخصوص مہاجروں کیلئے یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ گذشتہ ہفتے لندن سے جاری ہونے والے آڈیو بیانات میں شہید امجد صابری کے قتل سے لے کر جنید جمشید سمیت درجنوں افراد کی طیارے کے حادثے میں رحلت کو بھی پاکستانی اداروںپر تھوپنے کی شرمناک کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ذی شعور پاکستانی، بالخصوص مہاجر اس طرح کے بھونڈے اور پاک فوج دشمن بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لیتا تاہم انہی دنوں میں ندیم نصرت کی امریکا میں سرگرمیاں ہمیں سوچنے پر مجبور کرتی ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جہاں ندیم نصرت نے بلوچستان میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کیلئے معروف امریکی رکن کانگریس ڈینا رورابیکر سے ملاقات میں کراچی ٹارگٹڈ آپریشن میں ہونے والی زیادتیوں کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی ہے وہیں ایک نام نہاد مہاجر کانگریس نامی کاغذی تنظیم کے خطوط مختلف امریکی سینیٹرز اور ارکان کانگریس کو بھیجے گئے ہیں جن میں بھارتی لابی کی جانب سے پاکستان پرعائد کیے گئے الزامات کو دہرا کر امریکا سے پاکستان کی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان اور مہاجر دشمن ان اقدامات کو ناکام بنانے کے لیئے ایم کیو ایم (پا کستا ن) کی رابطہ کمیٹی نے حال ہی میں منتخب کیئے جانے والے ایم کیو ایم امریکہ کے ذمہ داران سے مشاورت شروع کر دی ہے اور جلد ہی اس ضمن میں لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔