امریکی فضائیہ اور آئی بی ایم نے انسانی دماغ جیسی صلاحیت کا حامل سُپر کمپیوٹر ایجاد کر لیا

June 29, 2017

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی فضائیہ اور معروف کمپیوٹر ساز کمپنی آئی بی ایم کے اشتراک سے ماہرین نے ایک ایسا سُپر کمپیوٹر سسٹم ایجاد کر لیا ہے جس کی صلاحیت انسانی دماغ جتنی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا سسٹم ہے جس میں 64؍ چپ ایرے استعمال کیا گیا ہے جسے آئی بی ایم کے ٹروُ نارتھ نیورو سنیپٹک سسٹم نے تیار کیا ہے جو اس سپُر کمپیوٹر کو مختلف نمونوں کی شناخت اور سینسری پراسیسنگ کے حوالے سے 64؍ ملین نیورونز اور 16 ارب سیناپسز کے مساوی حسابات میں مدد دیتا ہے اور یہ انسان کے دائیں اور بائیں دماغ کی صلاحیت کے مساوی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ سُپر کمپیوٹر صرف 10؍ واٹ بجلی استعمال کرتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی بی ایم کا سسٹم مختلف تصاویر، ویڈیو، آڈیو اور ٹیکسٹ کو پہچاننے اور انہیں فوراً علامات میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماہرین اس سسٹم کو مصنوعی ذہانت میں استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ اس پروجیکٹ کے چیف سائنسدان اور آئی بی ایم کے رکن دھرمیندر ایس مودھا کا کہنا ہے کہ آئی بی ایم کے ٹرو نارتھ سنیپٹک سسٹم کی مدد سے ہم یہ وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم مصنوعی ذہانت پر مبنی ہارڈویئر بنانے کی صنعت کی طرف درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔