نواز شریف کی نیت میں کھوٹ ہے، ہماری حکومت کو ناکا م کیا،آصف زرداری

June 29, 2017

نوابشاہ(بیورورپورٹ)سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نیت میں کھوٹ ہے۔نواز شریف اور سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ملکر پی پی کی حکومت کا ناکام کیا۔18ویں آئینی ترمیم ہمارا کارنامہ تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرداری ہاؤس نوابشاہ میںسانگھڑ،نوشیروفیروز اور نوابشاہ کے ارکان اسمبلی، بلدیاتی نمائندوں،عہدیداروں،عمائدین شہر اور ورکرو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علیشاہ،وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار ایڈووکیٹ،ایم پی ایز غلام قادر چانڈیو،طارق مسعود آرائیں،ضلعی صدر علی اکبر جمالی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف کی نیت میں کھوٹ ہے انھوں نے جو بویا آج وہی کاٹ رہے ہیں انھوں نے اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ملکر پی پی کی حکومت کا ناکام کیا۔

انھوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم پی پی کا بڑا کارنامہ تھا جس کے تحت صوبوں کو اختیارات منتقل کئے گئے اور پارلیمینٹ کو مضبوط کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ مسائل بہت زیادہ ہیں جنھیں ایک حکومت میں حل نہیں کیا جا سکتا ہماری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے اور انکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ جلد ہی سندھ میں بیروزگار نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار دیا جائیگا۔علاوہ ازیں آصف علی زرداری نے پرانی سبزی منڈی ریلوے پھاٹک پر بننے والے حاکم علی زرداری اوور ہیڈ برج کا افتتاح بھی کیا۔بدھ کو سابق صدر آصف زرداری نے سکرنڈ میں ایم پی اے غلام قادر چانڈیو کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔