سکھر، خودساختہ فنی خرابی کے نام پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، حکومتی اعلانات نظرانداز

July 02, 2017

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) انتظامیہ کی جانب سے خود ساختہ فنی خرابی کے نام پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں کی جاسکی۔ ، صنعتی علاقے میں زیرو لوڈشیڈنگ کے حکومتی دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئےطویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے صنعتیں بری طرح متاثر ہونے لگی۔ حکومت کی جانب سے صنعتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے واضح احکامات دے رکھے ہیں مگر سیپکو انتظامیہ کی جانب سے حکومت کے اعلانات کو بھی یکسر انداز انداز کردیا گیا ہے اور گنجان آبادی والے علاقوں کے ساتھ ساتھ صنعتی علاقے بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ سائیٹ ایریا، گولیمار و دیگر علاقوں میں قائم فیکٹریوں، کارخانوں، ملوں میں یومیہ اجرت پر کام کرنیوالے محنت کش بھی بجلی نہ ہونے کے باعث روزگار سے محروم ہورہے ہیں۔ مشینیں نہ چلنے کی وجہ سے فیکٹری و کارخانہ مالکان یومیہ اجرت پر کام کرنیوالے محنت کشوں کو چھٹی دے دیتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ اجرت سے محروم ہوکر خالی ہاتھ گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔ مکینو ں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ صنعتی علاقوں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیکر سیپکو کو بجلی لوڈشیڈنگ نہ کرنیکا پابند بنایا جائے۔