پاناما کیس، مریم نواز کابلاول بھٹو سے رابطے کا فیصلہ،ذرائع

July 24, 2017

اسلام آباد ( آن لائن ) پاناما کیس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحران سے نکلنے کیلئے مریم نواز نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے رابطے کا فیصلہ کرلیا۔انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مریم نواز کو خصوصی مشیروں نے مشورہ دیا ہے کہ پاناما کیس میں پیپلزپارٹی سے پیچھا چھڑانے کیلئے وہ بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کرکے ان سے موجودہ بحران سے نکلنے کیلئے مدد مانگیں۔مشورہ پر مریم نواز نے وزیراعظم نوازشریف سے مشاورت اور اجازت کے بعد بلاول سے رابطہ کرنے کی حامی بھرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنے رفقاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جمہوریت کی بقاء کی خاطر انہیں مایوس نہیں کریں گے۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے رفقاء سے مشورہ کیا ہے کہ اگر سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ مریم نواز نے رابطہ کرلیا تو وہ ایسا پیغام دینا چاہتے ہیں جو کہ جمہوریت کے حسن کو مزید دوبالا کرے اور رہتی سیاست تک ملک کی دو نامور جماعتوں کے نئے ابھرتے ہوئے سیاستدان پہلے رابطہ پر جمہوریت کیلئے اچھا شگون دیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ پر مریم نواز نے’’ہیپی برتھ ڈے بھائی‘‘ کہہ کر مبارکباد دی تو بلاول بھٹو نےبڑے ادب و احترام سے’’تھینکس بہن‘‘ کہہ کر جواب دیا تھا۔