فنڈنگ کا حساب عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں، فواد چوہدری

July 25, 2017

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ایک سازش تحت حنیف عباسی سے عمران خان کیخلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ کرایا جس میں بنی گالہ میں عمران خان کی اراضی اور غیر ملکی فنڈنگ کا معاملہ اٹھایا گیا، ہمارے وکلاء نے بیرون ملک سے آنے والی تمام رقوم کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں، فنڈنگ کا معاملہ عوام کے سامنے بھی رکھ رہے ہیں، عمران خان کے ذاتی یا پارٹی معاملہ ہم نے کبھی کچھ نہیں چھپایا نہ قانون کی خلاف وزی کی، ن لیگ اب ٹکڑوں میں بٹنے جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری، نعیم الحق اور دیگر رہنماؤں نے گزشتہ روز مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ مالی معاملات میں عمران خان جیسا سخت آدمی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام فنڈز کا آڈٹ ہوتا ہے اور الیکشن کمیشن میں جمع کرایا جاتا ہے۔ آج تک کسی نے اعتراض نہیں کیا۔

اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی ذاتی منی ٹریل دے چکے ہیں۔اب تحریک انصاف کی منی ٹریل پیش کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے ایک لاکھ 17 ہزار پائونڈ کی تفصیلات مانگی تھی ہم نے ساڑھے تین لاکھ پاؤنڈ کی منی ٹریل پیش کر دی ہے۔ چند سال پہلے تک حنیف عباسی کو کوئی نہیں جانتا تھا، ایفیڈرین کے کوٹے ملے تو وہ ن لیگ کے اہم رہنماء بن گئے۔

تحریک انصاف کے ٹھکرائے ہوئے اکبر ایس بابر کہتے ہیں کہ تین سال کی فنڈنگ کا حساب نہیں۔ ہم نے 2010 سے 2017تک کے فنڈز کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہیں۔ تین ملین ڈالر کے قریب رقم تحریک انصاف کو ملی۔ تمام پیسے آفیشل بینکنگ چینل سے آئے۔ امریکا کا قانون ہے کہ براہ راست فنڈنگ نہیں کی جاسکتی۔ ہم نے ایک ایجنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کیں جسکے تمام عہدیدار پاکستان نژاد ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ خواجہ آصف سیالکوٹ میں ایک ڈسپنسری نہیں بنا سکے اور شوکت خانم پر تنقید کرتے ہیں۔ ہم ن لیگ، جے یو آئی (ف) سمیت دیگر جماعتوں کے فنڈنگز کو دیکھنے کا بھی مطالبہ کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ فضل الرحمان کی جماعت کو جو لیبیا سے فنڈنگز ہوتی ہے اس کا بھی حساب ہونا چاہئے۔