ٹرین ڈرائیوروں کی ہڑتال مینجمنٹ کی کوششوں سے ناکام بنائی گئی،ترجمان ریلویز

July 25, 2017

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان ریلویز کے ترجمان نے اس تاثرکو سختی سے رد کیا ہے کہ لوکو رننگ اسٹاف کی طرف سے ہڑتال کی کال واپس لی گئی ہے اور واضح کیاہے کہ ریلوے مینجمنٹ کی کوششوں سے ہڑتال ناکام بنائی گئی۔ رات بارہ بجے ٹرینیں روکنے کی کوشش کی گئی مگر صبح چھ بجے تمام ٹرینیں اپنی منزلوں کی طرف رواں دواں تھیں۔ ریلوے ترجمان نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی طرف سے ہڑتال ڈرائیوروں پر مقدمات قائم کرنے کے خلاف بیانات کو بھی قابلِ افسوس قرار دیا۔

ترجمان نے کہا کہ ایسے بیانات عوام دشمنی ہیں اگر ان رہنمائوں کی فیملیز ایسی ٹرینوں میں سفر کررہی ہوتیں جنہیں آدھی رات کو سنسان اور ویران علاقوں میں کھڑا کردیا جاتا، جہاں سنگیں وارداتوں کا خطرہ موجود ہوتا تو کیا وہ تب بھی ایسی بیان بازی کرتے۔ترجمان نے مزید کہاکہ ریلوے انتظامیہ کے دروازے لوکورننگ اسٹاف سمیت اپنے تمام کارکنوں کے لیے کھلے ہیں جہاں وہ اپنے مسائل اورمشکلات کے آگاہ کرسکتے ہیں۔