بھارت اور سعودی عرب اسلحہ کے سب سے بڑے خریدار

July 27, 2017

برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ٹرید کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور بھارت کے علاوہ 2007 سے 2017 کے درمیان اسلحہ خریدنے والے دس بڑے ممالک میں قطر، مصر اور عراق بھی شامل ہیں۔

گزشتہ دس برس کے دوران برطانیہ سب سے زیادہ اسلحہ برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا جبکہ سعودی عرب اور بھارت عالمی سطح پر جدید ترین اسلحے کے سب سے بڑے خریدار ہیں جنھوں نے سنہ 2007 سے 2017 کے درمیان بالترتیب سو ارب ڈالر اور ساٹھ ارب ڈالر کا اسلحہ خریدا۔

یہ بات برطانوی حکومت کی جانب سے عالمی سطح پر اسلحے کی خرید و فروخت کے حوالے سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ٹرید کی جانب سے رواں ہفتے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں برطانیہ نے تقریبا 110 ارب ڈالر کا دفاعی ساز و سامان برآمد کیا۔

جبکہ امریکہ تقریباً 250 ارب ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سر فہرست رہا۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور بھارت کے علاوہ اسلحہ کے خریدار دس بڑے ممالک میں قطر، مصر اور عراق بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی اسلحے کے بڑے خریدار مشرقِ وسطی کے ممالک ہیں۔اس حوالے سے برطانوی حکومت کو انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے مسلسل تنقید کا سامنا بھی رہا ہے۔

اسلحے کی بین الاقوامی خرید وفروخت پر پابندی کے لیے کام کرنے والی تنظیم کیمپئن اگینسٹ آرمز ٹریڈ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے یمن پر جنگ مسلط کرنے کے باوجود برطانیہ نے سعودی عرب کو اسلحے کی فراہمی بند نہیں کی ہے۔