کلثوم نواز وزارت عظمیٰ کی مضبوط امیدوار

July 29, 2017

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز شریف کا نام وزارت عظمیٰ کی مضبوط امیدوار کےطور پر لیا جا رہا ہے۔

بیگم کلثوم نواز شریف 29 مارچ 1950 کو لاہور کے کشمیری گھرانے میں پیدا ہوئیں ، والد کانام حفیظ بٹ تھا ، ان کی دو بہنیں اور ایک بھائی ہے۔

کلثوم نواز نے اسلامیہ کالج لاہورسے گریجویشن مکمل کی۔ سن 1970میں میاں نواز شریف سے شادی ہوئی۔ ان کے بچوں میں مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور اسماء نواز شامل ہیں۔

بیگم کلثوم نواز نے شادی کے بعد بھی تعلیمی سلسلہ جاری رکھا اور پنجاب یونیوورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

تین بار پاکستان کی خاتون اول رہنے والی بیگم کلثوم نواز برصغیر کے نامور پہلوان رستم زمان غلام محمد عرف گاما پہلوان کی نواسی ہیں۔

پرویز مشرف نے نوازشریف کو اقتدار سے ہٹایا تو کلثوم نواز سیاسی میدان میں اتر آئیں، نواز شریف نے اپنی گرفتاری کے بعد سن 1999 میں کلثوم نواز کو مسلم لیگ کا صدر بنا دیا، جس کے بعد سن 2002 میں انہوں نے اس منصب سے استعفیٰ دے دیا۔

ان کی صاحبزادی مریم نواز کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے اور اسما نواز اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار سے بیاہی گئیں۔ ان کے دونوں صاحبزادے حسین نواز اور حسن نواز بزنس کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم رہے۔

ان کے دیور میاں شہباز شریف تین بار پنجاب کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے۔