این اے 120 ضمنی انتخاب: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل شروع

August 10, 2017

قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل شروع ہوگیا۔یہ نشست سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی آج سے 12 اگست تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جب کہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 15 سے 17 اگست کے درمیان کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی امیدواروں کی فہرست 26 اگست کو آویزاں کی جائیں گی اور 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوگی۔

این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب کے لئے تحریک انصاف نے یاسمین راشد کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اب تک حتمی امیدوار کا نام سامنے نہیں آسکا تاہم خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ کلثوم نواز ضمنی انتخاب میں ن لیگ کی امیدوار ہوں گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا اورعدالتی فیصلے کے بعدانہوں نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔