ٹیسٹ میچوں میں فتوحات، ویرات نے دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا

August 15, 2017

بھارتی کر کٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست دیتے ہی غیر ملکی سرزمین پر ٹیسٹ فتوحات میں سابق کپتان دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بھارتی میڈیارپورٹ کے مطابق مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی کے دوران بھارت نے غیر ملکی سرزمین پر 6 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ویرات کوہلی نے سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 171 رنز کی فتح کے ساتھ ہی بھارت سے باہر طویل دورانیے کے کرکٹ مقابلوں میں فتوحات کی تعداد 7 تک پہنچادی ہے۔

گزشتہ روز سری لنکا کو وائٹ واش شکست سے دوچار کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بھارتی کپتان نے کہا تھاکہ کرکٹ بہتر انداز سے کھیلے،حریف پر مسلسل دبائو بنائے رکھا،ہمارے 8 ویں نمبر کے بیٹسمین تک نے اچھے سے رنز بنائے یہ سب چیزیں ہماری کامیابی کی وجہ بنے۔

بھارت کے 28 سالہ کپتان کوہلی سے آگے اب سابق کپتان سورو گنگولی ہیں ،جن کی کپتانی کے دوران بھارت نے ملک سے باہر 11 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی سمیٹی تھی۔