وزیراعظم نے این ایف سی سے بڑھ کر کراچی پیکیج دیا، مقامی حکومتوں سے مشاورت کررہے ہیں، گورنر سندھ

August 16, 2017

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے سندھ کیلئے این ایف سی ایوارڈ سے بڑھ کر ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے، کراچی کیلئے اعلان کردہ 25ارب روپے کے ترقیاتی پیکج میں انڈسٹریل زونز بھی شامل ہیں، کراچی پیکیج کو ایم کیو ایم کے مطالبات سے نہ جوڑا جائے، وزیر اعظم نے کراچی میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور شہر میں ترقی کے حوالہ سے مشاورت بھی کی ،متحدہ قومی موومنٹ سے بھی ملاقات ہوئی اور ان کے نقطہ نظر کو بھی سامنے رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کا سب سے زیادہ مینڈیٹ متحدہ قومی موومنٹ کو حاصل ہے بلدیہ عظمیٰ میں بھی ان کی اکثریت ہے اس لئے ان کے ساتھ مشاورت کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 12 سے 15 برس کے دوران مصطفی کمال کے دور میں کچھ کام ہوئے جو نظر بھی آتے ہیں، شہر میں مناسب توجہ دی جاتی تو شہر کی حالت آج مختلف ہوتی۔

گورنر ہائوس کراچی ترقیاتی پیکج کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے کراچی کی رونقیں بحال ہوئیں،کراچی کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے شہر کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے، شہر میں انفرااسٹرکچر بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ معاشی سرگرمیوں میں بہتری سے برآمدات میں اضافہ ہوگا اور اس ضمن میں شہر کی بہتری کیلئے یہاں کی نمائندہ جماعت سے مشاورت بھی کی گئی ہے اور صوبائی حکومت کے ساتھ بھی رابطہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کیلئےبھرپور توجہ دے رہی ہے ، پہلے ہی وفاق شہر میں 50 ارب روپے سے ترقیاتی کام کروا رہا ہے جس میں گرین لائن ، کے فور اور لیاری ایکسپریس وے منصوبے شامل ہیں اور وزیر اعظم نے کراچی کیلئے 25 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے اس طرح وفاق کل 75 ارب روپے کراچی کی ترقی کیلئے خرچ کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج کے حوالے سے گورنر ہائوس میں پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کیا جائیگا ،کراچی پیکیج میں فائر بریگیڈ کیلئے مخصوص رقم رکھی گئی ہے، کراچی میں ایک بہترین سرکاری اسپتال بنانے کی ضرورت ہے ، مرکزی حکومت جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج اور اسپتال قائم کریگی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں تعلیم یافتہ افراد بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ نوجوانوں کی بھی بہت بڑی تعداد ہے ضرورت ان کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کی ہے اور اس ضمن میں وفاقی حکومت شہر کی بہتری کے لئے مزید اقدامات کو بھی یقینی بنارہا ہے جس میں طویل مدتی پروگرامز بھی شامل ہیں۔