کرکٹ بورڈ کا عمر کو شوکاز نوٹس، الزامات غلط ہیں ،آرتھر

August 17, 2017

کراچی/ لاہور (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مڈل آرڈر بیٹسمین عمراکمل کی جانب سے ہیڈکوچ مکی آرتھر پرلگائے گئے الزامات کا سخت نوٹس لیا، بورڈ نے قومی بیٹسمین سے جواب طلبی کرتے ہوئے انہیں شو کازنوٹس جاری کردیا ہے۔ ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے عمر اکمل کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ میںنے کرکٹر کو کوئی گالی نہیں دی۔

عمر اکمل غلط بیانی کررہے ہیں۔ میں نے ان نے کہا تھا کہ وہاپنی کارکردگی میں بہتری لائیں مگر انہوں نے مجھ پر بدتمیزی اور گالیاں دینے کا الزام عائد کردیا جس میں کوئی حقیقت اور صداقت نہیں ہے۔ دوسری جانب قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ عمر اکمل نے اپنے پیر پر خود کلہاڑی ماری ہے۔ اب پی سی بی کیا کرے گا؟ زیادہ سے زیادہ جرمانہ ہی کرسکتا ہے لیکن عمر اکمل نے اپنے پیر پر خود کہاڑی ماری ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ کوچ ڈانٹے گا نہیں تو کیا گود میں بٹھا کر لوریاں سنائے گا۔

سابق کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ عمر اکمل کو ماہر نفسیات سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر اکمل ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران بھی عمران خان کے پاس گئے اور شکایت کی کہ مجھے تیسرے نمبر پر کھلایا جائے۔ خیال رہے کہ فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہ کرنے کی وجہ سے عمر اکمل کو چیمپئنز ٹرافیاسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔