چینی کمپنی کا پاکستان میں معدنیات و کان کنی میں سرمایہ کاری میں اظہارِ دلچسپی

May 17, 2024

—فائل فوٹو

وزیرِاعظم شہباز شریف سے چینی وفد نے ملاقات کی ہے جس کے دوران چینی کمپنی نے پاکستان میں معدنیات و کان کنی میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چینی کمپنی کو معدنیات کے شعبے میں کان کنی سے لے کر برآمدی اشیاء کی تیاری کے لیے سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دے دی۔

وفد نے پاکستان میں منرل پارک بنانے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے مزید سرمایہ کاری کے منصوبے کا بھی بتایا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست اور ترقی میں اہم شراکت دار ہے، چین نے پاکستان کی ہر برے وقت میں مدد کی جس پر مجھ سمیت پوری قوم مشکور ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے معدنیات نکالنے، پراسیسنگ سے متعلق دیگر سرمایہ کاری کو مکمل سہولت دی جائے گی۔

انہوں نے متعلقہ وفاقی وزراء اور افسران کو چینی کمپنی کے ساتھ مشاورت کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے مشاورتی عمل میں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبے کے متعلقہ اداروں و اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔