ڈکیتی کی 2وارداتیں گاڑی اور3موٹرسائیکل چوری، ملازمہ گھر کا صفایاکرگئی

August 17, 2017

راولپنڈی ،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) مختلف علاقوں میں ڈکیتی ،چوری اورنقب زنی کی وارداتوں میں شہری گاڑی، تین موٹرسائیکلوں اورنقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے ۔ تھانہ صادق آبادکے علاقہ بندکھنہ روڈپربدھ کوصبح سویرے ساڑھے چاربجے کے قریب دوموٹرسائیکلوں پرسوارپانچ لڑکے اسلحے کی نوک پرالوطن ملک شاپ کے مالک شاہد اوردودھ سپلائی کرنے والی گاڑی میں سوارافرادسے دولاکھ17ہزارروپے چھین کرفرارہوگئے۔تھانہ وارث خان کے علاقہ چاہ سلطان میں چپس وغیرہ سپلائی کرنے والی گاڑی کے سیلزمین محسن اشفاق سے دولڑکےاسلحے کی نوک پر20ہزارآٹھ سوروپے چھین کرفرارہوگئے۔تھانہ صادق آبادکو شوکت اقبال نے بتایا کہ محمد صابر حسین ، مسعود عباسی اور اسد عباسی وغیرہ نے مجھ سے 2 کروڑ 35 لاکھ روپے امانتاً لیے جو اب واپس نہیں کر رہے ۔ تھانہ صادق آبادکے علاقہ شکریال سے ارشد علی کی موٹرسائیکل نمبر آرایل بی/5317،تھانہ ویسٹریج کے علاقہ الہ آبادسے جہانگیر خان کی موٹرسائیکل نمبرآرآئی این-9037،تھانہ مورگاہ کے علاقہ فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال سے محسن عباس کی موٹرسائیکل بلا نمبر چوری ہوگئی۔ تھانہ مندرہ کو فرح آصف نے بتایا کہ سائلہ نے مال مویشیوں کا ایک فام ہاؤ س بنارکھا ہے، میں نے منشی فضل کے کہنے پر محمود گجر کو 7لاکھ 30ہزار دیئے جس نے ایک لاکھ 65ہزار روپے کی ایک بھینس بھجوائی۔ جب میں نے محمود گجر سے اپنی بقایا رقم 5لاکھ 79ہزار روپے کی واپسی کا مطالبہ کیاتو وہ انکاری ہو گیا فضل محمود اور محمود گجر دونوں مل کر میری امانتاًلی ہو ئی رقم ہتھیانے کے چکر میں ہیں۔ فضل کو میں نے فارم کے کام کے سلسلے میں موٹر سائیکل لے کر دی ہو ئی تھی، وہ بھی لے کر غائب ہو گیا۔ دریں اثناء وفاقی دارالحکومت میں چوری کی مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں کو گاڑی ، طلائی زیورات اور نقدی سمیت دیگر سامان سے محروم کر دیا گیا ۔ تھانہ ترنول پولیس کو سہیل اشرف نے بتایا کہ چور اس کی کار نمبرEB-016 لے گئے ۔ اسی تھانے کی پولیس کو عادل وقار نے بتایا کہ گھریلو ملازمہ صائمہ نے دیگر 2نامعلوم خواتین کے ساتھ مل کر طلائی زیورات چوری کر لئے ۔تھانہ نون پولیس کو رحمٰن خان نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے نقدی اور موبائل فون چھین لیا ۔ لاکھوں روپے مالیت کے چیک بھی ڈس آنر ہو گئے۔