بھارتی کرکٹ بورڈ کے تین بڑے فارغ کیے جائیں،انتظامی کمیٹی

August 18, 2017

نئی دہلی( جنگ نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ افسران کی من مانیاں اور اخراجات نے انہیں مشکل میں ڈال دیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ عبوری انتظامی کمیٹی نے فضول خرچی اور عدالتی احکامات نہ ماننے پر ایگزیکٹو چیئرمین سی کے کھنہ، سیکرٹری امیتابھ چودھری اور خزانچی انیرودھ چودھری کو برطرف کرنے کی سفارش کی ہے۔ انتظامی کمیٹی نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ مذکورہ آفیشلز جان بوجھ کو لودھا کمیشن اصلاحات نافذ کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں جو عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی اعلیٰ عدالت اس سے قبل انہی الزامات پر انوراگ ٹھاکر کو بورڈ کی صدارت اور اجے شرکے کو سیکرٹری شپ سے فارغ کرچکی ہے۔ انتظامی کمیٹی کی سربراہی ونود رائے کررہے ہیں۔ کمیٹی نے رپورٹ بھی جاری کی ہے جس میں مذکورہ تین عہدیداران کی جانب سے بورڈ کے فنڈز کو دل کھول کر خرچ کرنے کے ہوشربا انکشاف ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ دو برس اور موجودہ مال سال میں اپریل کے بعد تین ماہ میں امیتابھ اور انیرودھ نے بالترتیب 1.56 کروڑ اور 1.71کروڑ روپے خرچ کیے۔ نگراں سیکرٹری امیتابھ نے بی سی سی آئی سے ہوائی سفر کے لئے 65.04 لاکھ روپے اور ٹی اے ڈی اے کی مد میں42.25 لاکھ ، غیر ملکی کرنسی الاؤنس اور بین الاقوامی سطح پر بی سی سی آئی کی نمائندگی کے لئے 29.54 لاکھ روپے لیے۔

امیتابھ نے ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر رہائش کے نام پر 13.51لاکھ روپے خرچ کیے ہیں جبکہ بی سی سی آئی کی حد 3.93لاکھ روپے تک ہے۔ انہوں نے ہوائی سفر پر 60.29 لاکھ روپے دیگر الائونسز کے طور پر75.07 لاکھ روپے، غیر ملکی کرنسی الاؤنس میں 17.64لاکھ، ہوٹلز کیلئے 11.03لاکھ اور ٹیلی فون بلز میں 2.37لاکھ روپے خرچ کیے۔