ڈینگی پر قابو، خیبرپختونخوا حکومت پنجاب کی مدد لینے پر راضی، شہرام ترکئی کا پنجاب کے وزیرصحت سے ملاقات سے انکار

August 21, 2017

پشاور( گلزار محمد خان ) خیبر پختونخوا حکومت پشاور میں ڈینگی وبا کے خاتمہ اور مریضوں کے علاج کیلئے پنجاب حکومت کی مدد لینے سے انکار کے بعد آخر کار یوٹرن لیتے ہوئے ملکر ڈینگی کو شکست دینے پر راضی ہوگئی ہے تاہم موقف اپنایا ہے کہ پنجاب حکومت مشینیں، ایمبولینس اور ادویات ہمارے حوالے کرے ہم خود ڈینگی پر قابو پالیں گے ، پنجاب کی میڈیکل ٹیم کی جانب سے مقامی حجرے میں800افراد کی سکریننگ کے دوران اڑھائی سو مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد وزیر صحت پنجاب نے ہنگامی صورت حال کے پیش نظر مزید 2موبائل یونٹ،8ایمبولینس ادویات اور طبی سامان طلب کرلیاجبکہ پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ہم سیاست کیلئے نہیں بلکہ خیر سگالی کے تحت ڈینگی کے مریضوں کی مدد کیلئے پشاورآئے ہیں مگر خیبر پختونخوا کے وزیر صحت نے ملنے سے انکار کردیا ہے بلکہ بار بارپیغامات کے باوجود شہرام ترکئی کیساتھ رابطہ نہیں ہوسکا ہے،تحریک انصاف حکومت کو ان کے آنے پر اعتراض ہے اسلئے وہ پنجاب میڈیکل ٹیم خیبر پختونخوا کےحوالے کرکے واپس جارہے ہیںلیکن اگر صورت حال بہتر نہ ہوئی تو وہ دوبارہ پشاور آئیں گے ۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈینگی کی وبا پھیلنے کے بعد یونین کونسل تہکال کے عوام اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے گھمبیر صورت حال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب سے مدد کی اپیل کی تھی جس کا نوٹس لیتے ہوئے شہباز شریف نے فوری طور پر وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کی سربراہی میں ڈینگی مینجمنٹ یونٹ پنجاب کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلطان،پروفیسر ڈاکٹر مسعود، ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ فاروق سلطان اور ڈینگی سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد شہزاد سمیت ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملہ پر مشتمل 22رکنی ٹیم جدید آلات اور ادویات کے ہمراہ پشاور بھجوائی تاہم خیبر پختونخوا حکومت نے پنجاب میڈیکل ٹیم کی مدد لینے سے معذرت کرتے ہوئے اسے ہسپتالوں تک رسائی دینے اور وزیر صحت شہرام ترکئی نے ملنے سے انکار کیا جس کے بعد وزیر صحت پنجاب کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے از خود ڈینگی سے متاثرہ یونین کونسل تہکال کا دورہ کیا اور وہاں سابق ایم پی اے عطیف الرحمان کے حجرے میں چارپائیاں ڈال کر مریضوں کا علاج شروع کیا، ذرائع کے مطابق پنجاب کی میڈیکل ٹیم نے صرف یونین کونسل تہکال میں ساڑھے تین سو مریضوں کے ٹسٹ کئے جن میں 162افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

پنجاب میڈیکل ٹیم کی جانب سے مریضوں میں مفت ادویات تقسیم کرنے کے علاوہ انہیں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا، اتوار کے روز پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے انجینئر امیر مقام اور حاجی غلام علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے میڈیا کے ذریعے پشاور کے عوام کی جانب سے تعاون کی اپیل پر انہیں میڈیکل ٹیم کے ہمراہ پشاور بھجوایا ہے کیونکہ ہم خود پنجاب میں ڈینگی وبا سے گزرے ہیں اور ہم نے ڈینگی کو شکست دی ہے، انہوں نے کہاکہ پنجاب کی میڈیکل ٹیم نے مجموعی طور پر آٹھ سو مریضوں کی سکریننگ کی جن میں اڑھائی سو مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ، ہماری خواہش تھی کہ خیبر پختونخوا حکومت کیساتھ مل کر ڈینگی کو شکست دیں گے لیکن ہماری کوششوں کے باوجود خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شہرام ترکئی نے ملاقات سے انکار کیا بلکہ ان کیساتھ رابطہ تک نہ ہوسکا اس لئے پنجاب سے پشاور پہنچنے والی موبائل ہیلتھ یونٹ کی ٹیم مقامی حجرے میں مریضوں کا معائنہ کرنے پر مجبور ہے اور مریضوں کی اسکریننگ حجرے میں ہی کی جارہی ہے،،وزیرصحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ہم پشاور میں سیاست کرنے نہیں آئے لیکن ہمیں کہا گیا کہ ہمارے آنے سے سارا معاملہ سیاست کی جانب جارہا ہے اس لئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم واپس لاہور چلے جائیں اور اگر دو تین دن میں مسئلہ حل نہ ہوا تو دوبارہ واپس آئیں گے، انہوں نے کہاکہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے جو خدمات اور اشیا ضروری ہیں ہم فراہم کریں گے ہمارے ساتھ آنے والی موبائل ٹیمیں اور سروے یونٹ پشاور میں ہی رہیں گی ،

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا حکومت کےپاس ڈینگی مچھر کا لاروا ختم کرنیکا کوئی بندوبست نہیں صرف ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی ایک مشین موجود ہے جس سے لاروا کو ختم نہیں کیاجاسکتا، پنجاب کے وزیر صحت کی پریس کانفرنس اور میڈیا کی جانب سے معاملہ اٹھانے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے یوٹرین لیتے ہوئے پنجاب کی میڈیکل ٹیم کی خدمات لینے پر آمادگی ظاہر کی البتہ خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شہرام ترکئی نے پھر بھی عمران نذیر سے ملاقات نہیں کی بلکہ ڈی جی ہیلتھ کو ملاقات کیلئے بھجوایا جنہوں نے گورنر ہاؤس میں پنجاب کے وزیر صحت اور میڈیکل ٹیم کیساتھ میٹنگ کی اور بتایا کہ پنجاب میڈیکل ٹیم ، مشینیں اور آلات خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کئے جائیں ہم خود ڈینگی پر قابو پالیں گے ، اجلاس کے بعد پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اپنی ٹیم خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے کر لاہور روانہ ہوگئے تاہم خبردار کیا کہ اگر ڈینگی پر قابو نہ پایا گیا تو وہ دوبارہ پشاور آئیں گے ۔