سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ و ریونیو کا اجلاس آج ہوگا

August 23, 2017

اسلام آباد (اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) گفٹ سکیم کے تحت مبینہ ٹیکس چوری کے 2785 کیسز کی تحقیقات پر کام کر رہا ہے، اس اسکیم کا رقوم اور اثاثوں کی منتقلی کےلئے مبینہ طور پر غلط استعمال کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ریونیو میں زیر غور ہے اور (آج) بدھ کو منعقد ہونے والے کمیٹی کے اجلاس میں اس کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لیا جائے گا۔

موجودہ قوانین کے تحت تحائف کو ٹیکسوں سے استثنٰی حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ ٹیکسوں سے بچنے کےلئے اس سکیم سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ایف بی آر کے انسداد منی لانڈرنگ سیل اس معاملہ کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں جس کے مطابق اربوں روپے کی رقوم اور اثاثوں کی بغیر ٹیکس ادائیگی کے منتقلی کی گئی ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے اس حوالہ سے اب تک کی پیشرفت کے بارے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سلیم ایچ مانڈوی والا کی زیر صدارت ہو گا جس میں ایس ای سی پی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور فنانس ڈویژن کی جانب سے بھی بریفنگز دی جائیں گی۔