پاکستان کے استحکام کیلئے ملک مخالف قوتوں کا قلع قمع کرنا ہوگا، ثروت اعجاز

August 23, 2017

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے استحکام کیلئے ملک مخالف قوتوں کا قلع قمع کرنا ہوگا، امریکی صدر کے بیان پاکستان دہشتگردوں کو پناہ دیتا ہے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر انتہاپسندانہ ایجنڈے پر گامزن ہیں جس سے خطے میں نفرتیں جنم لیں گی، پوری دنیا پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ کا اعتراف کررہی ہے، افغانستان میں امریکی فوج کی موجودگی سوالیہ نشان ہے ،پاکستان اس وقت دہشتگردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بہترین نتائج برآمد کئے ہیں، را،موساد ،بلیک واٹر اورخطے میں دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرتے ہیں، امریکی صدر ٹرمپ افغان ،پاکستان پالیسیوں پرحقائق کی روشنی میں فیصلہ کریں، پاکستان کو نظر انداز یا الزامات سے دہشتگردی کو تقویت ملے گی، پاک فوج کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں پر کسی کو پانی پھیرنے نہیں دینگے ، پاک فوج کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ خطے میں دہشتگردی کی کمر ٹوٹ چکی ہے ، ٹرمپ حکومت کے منفی بیانات سے نفرتیں جنم اور دہشتگردوں کو پھولنے کا موقع ملے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پاکستان دہشتگردوں کو پناہ دیتا ہے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ امریکہ منفی پالیسیوں اور الزام تراشی کی بجائے حقائق کو تسلیم کرئے، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے65ہزار سے زائد شہریوں ،پاک فوج کے جوانوں ،پولیس ،رینجرز نے قربانیاں دی ہیں، انکا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے پاکستان میں دہشتگردوں کو سپورٹ کررہا ہے جس کے شواہد پوری دنیا کے سامنے آچکے ہیں امریکہ کا بھارت سے نرم رویہ اور دہشتگردی پر آنکھیں بند کرنا تشویشناک عمل ہے ۔