گڑھے اورنالوں سمیت دیگر مقامات سے 5 افراد کی لاشیں ملیں

September 05, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلبرگ میں آلائشوں کے لئے بنائے گئے گڑھے اور دیگر مقامات سے ڈوبی ہوئی 5 افراد کی لاشیں ملیں،تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے دوسرے روز نیوکراچی صنعتی ایریا میں نالے سے ڈوبی ہوئی 30سالہ شخص کی لاش ملی ، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی نشے کاعادی تھا متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی، ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں نالے سے ڈوبی ہوئی دو افراد کی لاشیں ملیں،پولیس کے مطابق اسپتال میں ایک شخص کی شناخت 30 سالہ امتیاز ولد اختر کے نام سے ہوئی ہے، متوفی شیرشاہ کا رہائشی تھا اور چار روز قبل وہ نالے میں گرکرلاپتہ ہوگیا تھا ، اسکی لاش عید الاضحٰی کے تیسرے روز مذکورہ مقام سے ملی جبکہ دوسری لاش کی شناخت نہیں ہو سکی،اسکی عمر35برس کے قریب ہے اور لاش تین سے چار روز پرانی ہونے کی وجہ سے پھول گئی ہے لاش کو سردخانے منتقل کر دیا، کیماڑی گیٹ نمبر5میں پیر کی صبح سمندر سے ایک شخص کی لاش لائی گئی جسکی شناخت57سالہ یوسف مسیح ولد انتھینیو مسیح کے نام سے کی گئی،گلبرگ بلاک نمبر چار طارق گرائونڈ میں آلائشوں کے لئے بنائے گڑھے سے 17 سالہ نوجوان اظہر عباس ولد امام بخش کی لاش برآمد ہوئی جسکے پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہیداسپتال لایا گیا،متوفی بلاک نمبر 5 کچی آبادی رحمان آباد کا رہائشی جبکہ آبائی تعلق جنوبی پبجاب راجن پور سے تھا،ایس ایچ او گلبرگ ماجد علوی کا کہنا ہے کہ گڑھے میں پانی بھرا ہوا تھا ، پانی جب کم ہوا تو متوفی کی لاش باہر آگئی، متوفی کے سر میں چوٹ کا نشان ہے ۔