کراچی : پولیس و رینجرز کی کارروائیاں، 30 سے زائد افراد زیر حراست

September 20, 2017

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن اور کارروائیوں کے دوران 18 افراد کو گرفتار جبکہ 30 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

محرم الحرام سے قبل جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقے کو کلئیر کرنے کے لیے پولیس اور رینجرز نے لائنز ایریا توحید چوک اور اطراف میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران مشتبہ مقامات کی تلاشی لی گئی ۔

ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ناظم آباد اور رضویہ کے علاقوں میں بھی پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے چار دستی بم اور چار پستول برآمد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب گارڈن میں پولیس نے کارروائی کرکے 6 ملزمان کو گرفتار کیا ہے ۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق اتحاد ٹاون محمد خان کالونی میں کارروائی میں 2 اسٹریٹ کرمنل کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ جبکہ کارروائی کے دوران 26 مشکوک افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

ادھر سولجر بازاد میں پولیس نے کارروائی کرکے2 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ عزیز بھٹی کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے5 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار کیا ہے ۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے شراب کی بوتلیں اور منشیات برآمد ہوئی ہے۔