بھارت کا افغانستان کے31 صوبوں میں 116 پروجیکٹس لینے کا اعلان

September 22, 2017

نیویارک(جنگ نیوز)بھارت نے افغانستان کے اکتیس صوبوں میں ایک سو سولہ اعلیٰ کمیونیٹی پروجیکٹ لینے کا اعلان کیاہے۔اس بات کا فیصلہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان افوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سیشن میں سائیڈ لائن اجلاس میں کیا گیا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ایک نیوز کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ بھارت اور افغانستان اکتیس افغان صوبوں میں ایک سوسولہ اعلیٰ کمیونیٹی پروجیکٹس لینے پر اتفاق کیا ہے۔بھارت نے ایڈ اسسٹنس کی منظوری کے تحت چھ نئے پروجیکٹس کیلئے بھی امداد کی پیشکش کی ہے ان میں سے ایک افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے کم لاگت کی ہائوسنگ اسکیم،رابطہ سڑک،قومی پارک اورمعاشی ترقی شامل ہے۔کمار نے کہا کہ سوراج اور غنی نے دونوں ممالک کے درمیان نئی شراکت داری کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔

دونوں رہنمائوں نے امن اور مفاہمتی عمل کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔افغان صدر کے بیان کے مطابق باہمی دلچسپی کے امور،خطے کی اہمیت بطورخاص علاقائی سلامتی،بدعنوانی کی روک تھام کے حوالے سے کوششوں اور دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تجارتی دوستی میں توسیع پر بات کی گئی۔