منتشر مسلم لیگوںکویکجا کرنے کیلئے دھڑوں کا اجلاس طلب

September 23, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)منتشرمسلم لیگیوں کویکجا کرنے کے لیے لیگی دھڑوں کا اجلاس اکتوبرکے پہلے ہفتے میں لاہورمیں طلب کرلیا گیا ۔ پرویزمشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ کو متحدہ مسلم لیگ میں شامل کرنے کی مخالفت پر لاہور اجلاس میں مدعو نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، پیرپگارا،چوہدری شجاعت ، حامد ناصرچھٹہ ،سلیم سیف اللہ ، شیخ رشید ،سردار ذوالفقار کھوسہ سمیت سینئر مسلم لیگیوں نے متحدہ مسلم لیگ کے قیام کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے ۔

ملک میں تیزی سے تبدیل ہوتی سیاسی صورتحال اورآئندہ انتخابات سے قبل مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کرنے کے لیے سینئر مسلم لیگی رہنماؤں کے مابین سیاسی رابطے نتیجہ خیز ثابت ہوئے ہیں اورتمام مسلم لیگی دھڑوں نے یوم عاشورکے بعد اکتوبر کے پہلے ہفتے میں لیگی دھڑوں کا اجلاس لاہورمیں بلانے پر اتفاق کرلیا ہے، جس کی حتمی تاریخ کا اعلان آئندہ چندروزمیں کیا جائے گا۔ لیگی دھڑوں کویکجا کرنے والی کمیٹی کے چیئرمین سینئرمسلم لیگی رہنما اور سابق وزیراعلی سندھ سید غوث علی شاہ نے پہلے مرحلے میں سینئر مسلم لیگی رہنماؤں سے رابطوں کے بعد ان کی پارٹیوں کو متحدہ مسلم لیگ میں ضم کرنے اور لیگیدھڑوں کی الگ الگ شناخت ختم کرنے پر آمادہ کرلیا ہے ۔ سابق وزیراعلی سندھ سید غوث علی شاہ کے مطابق لیگی دھڑوں کو متحد کرنے کے لیے تمام صف اول کے مسلم لیگی رہنماؤں سے نتیجہ خیز مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور جلد لیگی دھڑوں کے رہنما متحدہ مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر یکجا ہو جائیں گے ۔

معتمد ترین مسلم لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر مسلم لیگی رہنماؤں کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ کو متحدہ مسلم لیگ کا حصہ بنانے کی مخالفت کی گئی ہے، جس کے باعث اکتوبر کے پہلے ہفتے میں لاہور میں ہونے والے لیگی دھڑوں کے اجلاس اور لیگی دھڑوں کے اتحاد کے لیے ہونے والی مشاورت میں سابق صدر پرویز مشرف کی جماعت کو مدعو کرنے یا سابق صدر پرویز مشرف سے فی الحال کوئی مشاورت نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعلی سندھ سید غوث علی شاہ کے مطابق مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کرنے کے لیے ان کے شیخ رشید احمد، حامد ناصر چھٹہ ، سلیم سیف اللہ ، فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر صاحب پگارا، سابق وزیراعلی سندھ ارباب غلام رحیم ، مسلم لیگ قاف کے چوہدری پرویز الہی اور مسلم لیگی رہنماؤں اعجازالحق، سردار ذوالفقار کھوسہ سے تفصیلی مشاورت ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں متحدہ مسلم لیگ کیلئے لاہور اجلاس میں لیگی دھڑوں کا سربراہی اجلاس بلانے کیلئے بھی تاریخ کا اعلان کیا جائیگا۔