ڈیجیٹل دور نے بچپن میں کھیلوں کا طرز ہی تبدیل کردیا

September 23, 2017

لندن (پی اے)ڈیجیٹل دور نے بچپن میںکھیلوں کے طرز کو ہی تبدیل کردیا ہے۔ ایک سروے کے مطابق گھر سے باہر کھیلنے، کتابیں پڑھنے اور ضرورت کے مطابق نیند لینے والے بچوں میں سابقہ عشروں میں ڈرامائی طور پر کمی ہوگئی ہے چیرٹی بارنارڈوز کے لئے ’’ایک ڈیجیٹل ورلڈ میںبچپن کی تبدیلیوں‘‘ پر ہونے والی سٹڈی کے مطابق 13سے 15سال عمر کے صرف 48فیصد بچے گھروںسے باہر کھیلتے ہیں جب کہ اس کے مقابلے میں 18سے24سال عمر کے 77فیصد اور 45سے54سال عمر کے 87فیصد افراد اپنے بچپن میں گھروں سے باہر کھیلتے تھے صرف نصف سے کچھ زائد (54فیصد) ینگ ٹین ایجرز اب کتابیں پڑھتے ہیں، اس کے برعکس 18سال سے زائد عمر کے 79فیصد افراد کا کہنا تھا کہ وہ بچپن میںکتابیں پڑھتے تھے۔

13سے15سال عمر کے صرف 50فیصد بچوں نے بتایا کہ وہ ضرورت کے مطابق پوری نیند لیتے ہیں جب کہ 66فیصد بالغ افراد کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کم عمری میںپوری نیند لیتے تھے۔ سروے سے یہ حقیقت بھی سامنے آئی کہ انٹرنیٹ تک رسائی کے باعث ٹین ایجرز کو اپنے سکول کا کام کرنے میں 75فیصد مدد ملی تاہم انہوںنے یہ بھی بتایا کہ اس ایج گروپ کے 25فیصد افراد نے سوشل میڈیا پر کسی اجنبی سے راہ و رسم پیدا کی۔ 13سے15سال عمر کے تقریباً دو تہائی (38فیصد) افراد کی کوئی گرل فرینڈ یا بوائے فرینڈ تھا جب کہ صرف 33بالغان نے 13سے15سال عمر کے دوران گرل فرینڈز یا بوائے فرینڈز کی موجودگی کا بتایا۔