انصاف کے منتظرتانیہ کے اہل خانہ سہون سے کراچی منتقل

September 24, 2017

انصاف کے متلاشی تانیہ خاصخیلی کے اہل خانہ سہون سے کراچی آگئے ہیں ۔ مظلوم والدین کہتے ہیں تانیہ کو بے گناہ قتل کیا گیا لیکن تین بیٹیوں کو تانیہ بننے نہیں دیں گے۔

تانیہ کے والد کاکہنا ہےکہ انہیں علاقے کے بااثر افراد کی جانب سے اب بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور پیسے لے کر معاملہ رفع دفع کرنے پر زوردیا جار ہا ہے۔

سہون کے علاقے جھنگا رامیں 7 ستمبر کو دلخراش واقعہ پیش آیا، میٹرک کی طالبہ تانیہ خاصخیلی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی مزاحمت پر معصوم لڑکی کو بے رحمی سےماں باپ کی آنکھوں کے سامنے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے معاملے کا نوٹس لیا تو غم کا بوجھ اٹھائے اہل خانہ کراچی پہنچ گئے ۔تانیہ کے والد نے پولیس حکام اور حکومت سندھ سے باقی بچیوں کی سیکورٹی کے لیے اپیل کی ہے ۔

کراچی میں خاصخیلی اتحاد اور وکلاء برادری کی جانب سےتانیہ کے معاملے پر انصاف کے لیے بھر پور مہم بھی چلائی جارہی ہے ۔